عرب اتحاد یمن میں دہشتگردی کیخلاف جنگ لڑ رہا ہے‘ترجمان عسکری گروپ

برطانوی خبر رساں ایجنسی نے من گھڑت معلومات کی بنیاد پر جاری کاروائیوں کو متنازعہ بنانے کی کوشش کی‘بیان

منگل 7 اگست 2018 23:06

صنعائ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 اگست2018ء) یمن میں آئینی حکومت کی بحالی کیلئے سرگرم عرب عسکری اتحاد کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے کہا ہے کہ عرب اتحاد یمن میں القاعدہ،داعش اور ایران نواز حوثی گروپوں جیسے دہشتگرد گروپوں کیخلاف نبرد آزما ہے‘ہم یمن میں دہشتگردی کیخلاف جنگ لڑ رہے ہیں‘یہ تمام دہشتگرد گروپ انتہا پسندانہ نظریات میں تصویر کا ایک ہی رخ ہیں۔

انتہا پسندانہ نظریات، عدم برداشت اور مل جل کر نہ رہنے کی پالیسی ان کی مشترکہ قدریں ہیں۔منگل کو اپنے ایک بیان میں ترجمان عرب عسکری اتحاد کرنل ترکی المالکی کا کہنا تھا کہ دوست اور برادر ملکوں کیساتھ مل کر دہشتگرد تنظیموں کا نیٹ ورک تباہ کرنے کا عمل،ان کیخلاف زمینی، فضائی اور بحری حملے جاری رکھے جائیں گے۔

(جاری ہے)

یہ دہشتگردی کیخلاف جنگ ہے اور ہم پوری دنیا کی سلامتی کیلئے لڑ رہے ہیں۔

کرنل ترکی المالکی نے یمن جنگ امریکا اور اس کے اتحادیوں اور القاعدہ سے مربوط کے عنوان سے شائع ہونے والی رپورٹ مسترد کردی۔ان کا کہنا تھا کہ برطانوی خبر رساں ایجنسی کی جانب سے غیر پیشہ وارانہ اور من گھڑت معلومات کی بنیاد پر عرب اتحاد کی یمن میں جاری کارروائیوں کو متنازع بنانے کی کوشش کی ہے۔ شائع ہونے والی معلومات حقائق کے منافی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ یمن میں دہشتگردوں کیخلاف جنگ منطقی انجام تک جاری رکھی جائیگی۔ ہماری جنگ کسی ایک گروپ کیخلاف نہیں بلکہ عالمی دہشتگردی کیخلاف ہے۔ یمن میں حوثیوں، جزیرہ العرب کی القاعدہ اور داعش جیسے تمام گروپوں کی بیخ کنی تک جنگ جاری رہے گی۔