پی ایم آریو خیبر پختونخوا کا کوہاٹ ڈویژن کے سرکاری محکموں کیلئے ایک روزہ ورکشاپ کا انعقاد

منگل 7 اگست 2018 19:10

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اگست2018ء) چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا آفس کے پرفارمنس مینجمنٹ اینڈ ریفارمز یونٹ(پی ایم آریو) نے منگل کے روز کمشنر ہاؤس کوہاٹ میں کوہاٹ ڈویژن کے صوبائی محکموں کے افسرا ن/اہلکاروں کے لئے ایک روزہ ورکشاپ کا انعقاد کیا جس میں یونٹ کے کوآرڈینٹر عادل سعید صافی نے صوبائی حکومت کی پالیسیوں جن میں سسٹین ایبیلیٹی اینڈ انفورسمنٹ آف گورنمنٹ انیشیٹیو پالیسی،نیمنگ اینڈری نیمنگ آف گورنمنٹ انسٹی ٹیوشنز، سوشل میڈیا گائیڈلائنز اور پراونشل انٹرن شپ پالیسی شامل ہے پربریفنگ دی اور ان کے چیدہ چیدہ نکات اور افادیت و اہمیت پر تفصیلی روشی ڈالی۔

ورکشاپ میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کوہاٹ شاہ نواز ،اسسٹنٹ کمشنر کوہاٹ گل بانو،اسسٹنٹ کوآرڈینٹر پی ایم آر یو مس مصباح ریاض اور کوہاٹ، کرک اور ہنگو اضلاع کے سرکاری محکموں کے متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

عادل صافی نے بتایا کہ ورکشاپ کے انعقاد کا مقصد صوبائی حکومت کی وضع کردہ پالیسیوں پر من وعن عملدرآمد اور سرکاری امور میں شفافیت لاکر عوام کو بہترخدمات کی بروقت فراہمی یقینی بنانا ہے۔

انہوں نے بتایاکہ ان پالیسیوں کاجہاں عوام کو فائدہ ہوگا وہاں سرکاری ملازمین کو بھی ان کے حقوق کی فراہمی ممکن ہوگی اور وہ بہتر طور پر ڈیلیور کریں گے۔انہوں نے سرکاری حکام پر زور دیا کہ وہ عوام کوان کی دہلیز پر ریلیف دینے اور اپنے متعلقہ محکموں کی کارکردگی سے باخبر رکھنے کے لئے سوشل میڈیا کا زیادہ سے زیادہ استعمال کریں کیونکہ موجودہ دور میں یہی سب سے موثرذریعہ ہے۔