اسحاق ڈار کے خلاف دائر آمدن سے زائد اثاثہ جات ضمنی ریفرنس پر سماعت 15اگست تک ملتوی

منگل 7 اگست 2018 19:59

اسحاق ڈار کے خلاف دائر آمدن سے زائد اثاثہ جات ضمنی ریفرنس پر سماعت ..
اسلام آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اگست2018ء) احتساب عدالت نے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف دائر آمدن سے زائد اثاثہ جات ضمنی ریفرنس میں چار گواہان کا بیان قلم بند کرتے ہوئے سماعت 15اگست تک ملتوی کر دی ہے ۔منگل کو احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے سماعت کی تو اس موقع پر عدالت نے استغاثہ کے چار گواہان کا بیان قلم بند کیا ۔

سماعت کے دوران استغاثہ کے گواہ فیصل شہزاد نے اپنا بیان قلمبند کروایا ۔گواہ فیصل شہزاد کا تعلق نجی بینک سے ہے ، فیصل شہزاد کی جانب سے اکاؤنٹس اور چیک کی تفصلات عدالت میں پیش کی گئیں ۔سماعت کے دوران وکیل صفائی قاضی مصباح ایڈوکیٹ نے گواہ سے سوال کیا کہ جو ٹرانزیکشن کی تفصیلات دی ہے کیا آپ نے خود تیار کیں ہیں تو فیصل شہزاد نے جواب دیا کہ نہیں ٹرانزیکشن کی تفصیلات خود تیار نہیں کی۔

(جاری ہے)

سماعت کے دوران عدالت نے استغاثہ کے گواہ مرزا فیض الرحمان کا بیان بھی قلمبند کیا۔ مرزا فیض الرحمان کا تعلق لینڈ ڈیولپمنٹ ڈپارٹمنٹ سے ہے۔مرزا فیض الرحمان نے بیان قلم بند کراتے ہوئے عدالت کو بتایا کہ 17 اگست دو ہزار سترہ کو پہلی بار لاہور نیب کے سامنے پیش ہوا،ٹرانسفر ایپلیکیشن کی تفصیلات جمع کرائی تھیں ۔سماعت کے دوران گواہ اظہر حسین سمیت چار گواہان کے بیان قلم بند کیئے گئے عدالت نے استغاثہ کے مزید تین گواہوں محمد اشتیاق ،عمر دراز اور قمر زمان کو طلب کر تے ہوئے سماعت 15 اگست تک ملتوی کر دی ۔

گزشتہ سماعت پر تین گواہوں سعید احمد، اشتیاق احمد اور واصف کے بیانات قلمبند کیئے گئے تھے۔ واضح رہے کہ عدالت نے نیشنل بینک کے صدر ملزم سعید احمد کی بریت کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر رکھا ہے۔