مون سون بارشیں ، سڑکوں پر لینڈ سلائیڈنگ ، محکمہ شاہرات آزاد کشمیر میں ایمرجنسی نافذ ، ملازمین کی چھٹیاں منسوخ

نارتھ اور سائوتھ زون میں الگ الگ کنٹرول روم قائم ‘ وزیر مواصلات نے ہنگامی بنیادوں پر شاہرات کی بحالی کے احکامات جاری

منگل 7 اگست 2018 22:14

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 اگست2018ء) آزاد کشمیر میں مون سون بارشیں ، سڑکوں پر لینڈ سلائیڈنگ ، محکمہ شاہرات آزاد کشمیر میں ایمرجنسی نافذ ، ملازمین کی چھٹیاں منسوخ ، نارتھ اور سائوتھ زون میں الگ الگ کنٹرول روم قائم ‘ وزیر مواصلات نے ہنگامی بنیادوں پر شاہرات کی بحالی کے احکامات جاری کردیئے وزیر تعمیرات عامہ چوہدری محمد عزیز، کا جہلم ویلی میں مختلف لینڈ سلائڈنگ کا بھی معائنہ ،تمام سڑکات عام ٹریف کے لیئے بحال کر دی گئی ،‘ وزارت مواصلات میں چوہدری محمد عزیز کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس‘ سیکرٹری ورکس نارتھ اور سائوتھ زون کے چیف انجینئرز کی شرکت ‘ طوفانی بارشوں سے پیدا شدہ صورتحال سے نمٹنے کیلئے ہنگامی اقدامات کی منظوری دیدی گئی ۔

تمام اضلاع میں ہیوی مشینری فراہم ‘ سڑکوں کی بندش کی اطلاع کیلئے ایمر جنسی ٹیلی فون نمبر جاری کردیئے گئے ۔

(جاری ہے)

منگل کے روز وزارت مواصلات میں چوہدری محمد عزیز وزیر مواصلات کی زیر صدارت ہنگامی اجلاس منعقد ہوا جس میں سیکرٹری ورکس سردار محمد اسحاق ، چیف انجینئر نارتھ راجہ محمد شریف ، چیف انجینئر سائوتھ راجہ جلیل الرحمان نے شرکت کی ۔اجلاس میں مون سون بارشوں کیوجہ سے پیدا شدہ صورتحال پر غور کیا گیا ۔

اجلاس میں بارشوں کیوجہ سے متاثرہ سڑکوں کی بحالی اور لینڈ سلائیڈنگ ہٹانے کیلئے محکمہ شاہرات کے اندر ہنگامی حالت کے نفاذ کی منظوری دی گئی ۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ محکمہ شاہرات کے تینوں سرکلز ، کوٹلی ، مظفرآباد اور روالاکوٹ میں ناظم شاہرات کی زیر نگرانی تمام اضلاع میں ہیوی مشینری فراہم کی جائے گی جو سڑکوں کی بحالی کا کام ہنگامی بنیادوں پر مکمل کرے گی ۔

اجلاس میں دونوں چیف انجینئرز کے دفاتر میں نارتھ اور سائوتھ زون کیلئے الگ الگ کنٹرول روم بھی قائم کردیئے گئے جہاں 24گھنٹے سڑکوں کی بندش اور لینڈ سلائیڈنگ کے حوالے سے صورتحال مانیٹر کی جائے گی ۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ حالیہ برسات کے موسم کے دوران محکمہ شاہرات کے تمام ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کردی گئیں ۔ فیلڈ سٹاف کو 24گھنٹے حاضر رہنے کا حکم دیا گیا ۔

اجلاس کے فیصلہ کے مطابق کنٹرول نارتھ میں فون نمبر 05822-920085اور کنٹرول روم سائوتھ فون نمبر 05822-920099پر دو اہلکار 24گھنٹے تعینات رہیں گے جو سڑکوں پر ٹریفک رواں رکھنے کے حوالے سے صورتحال وقتاً فوقتاً معلوم کرکے وزارت مواصلات اور سیکرٹری مواصلات کو صورتحال سے آگاہ کرتے رہیں گے ۔ اجلاس میں عوام کی سہولت کیلئے سڑکوں کی بندش کے حوالے سے تینوں سرکلز میں ٹیلی فون ہیلپ لائن قائم کی گئی ہے جس کے تحت سرکل کوٹلی میں فون نمبر 05826-920561، سرکل راولاکوٹ میں 05824-920138اور سرکل مظفرآباد میں 05822-921274کے ذریعہ شکایات محکمہ شاہرات کے حکام تک پہنچائی جاسکیں گی ۔

ہنگامی حالت کے دوران محکمہ شاہرات کے اندر ملازمین کی چھٹیاں منسوخ تصور ہونگی ۔ اجلاس کے بعد صحافیوں کیساتھ بات چیت کے دوران وزیرمواصلات چوہدری محمد عزیز نے کہا ہے کہ گزشتہ 48گھنٹوں سے جاری آزاد کشمیر میں مون سون کی بارشوں کیوجہ بعض مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ٹریفک روانی متاثر ہوئی جسے ہنگامی بنیادوں پر ہٹا دیا گیا ہے اور ٹریفک رواں ہے ۔

اس وقت آزاد کشمیر کے تمام اضلاع میں سڑکوں پر ٹریفک رواں ہے ۔ اس روانی کو قائم رکھنے کیلئے تمام اضلاع کے مہتمم اور نائب مہتمم صاحبان کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ ہیوی مشینری کیساتھ اپنے اپنے ہیڈ کوارٹرز پر موجود رہیں اور بارش و لینڈ سلائیڈنگ کیوجہ سے جہاں سڑک بند ہویا ٹریفک کی روانی متاثر ہو وہاں ہنگامی طور پر پہنچ کر سلائیڈ ہٹائیں اور ٹریفک بحال کی جائے ۔

تمام اہم شاہرات پر ٹریفک کی روانی کو یقینی بنایا گیا ہے ۔ وزیر مواصلات نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے علاقوں میں رابطہ سڑکوں پر لینڈ سلائیڈنگ کیوجہ سے سڑکوں کی بندش کے حوالے سے اطلاع محکمہ شاہرات کے دفاتر تک پہنچائیں ۔ وزارت مواصلات نے تمام صورتحال سے آگاہ رہنے کیلئے دونوں چیف انجینئرز کے دفاتر میں کنٹرول روم قائم کئے گئے ہیں جبکہ تمام سرکلز میں بھی ہیلپ لائن فراہم کی گئی ہے ۔

اس کے باوجود اگر کسی جگہ ٹریفک روانی متاثر ہے تو محکمہ شاہرات کے کسی بھی دفتر کیساتھ یا وزارت مواصلات کے ساتھ براہ راست رابطہ کیا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ زلزلہ متاثرہ علاقوں میں شدید بارش کے موسم میں سفر سے گریز کریں ۔ زلزلہ کیوجہ سے پہاڑ اپنی جگہ سے سرک چکے ہیں اور مٹی و ریت سے بنی ہوئی چٹانیں اندر سے کھوکھلی ہوچکی ہیں جو بارش کیوجہ سے لینڈ سلائیڈنگ کا باعث بن رہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ شاہرات ہر طرح کے ہنگامی حالات سے نمٹنے کیلئے تیار ہے اس سلسلہ میں تمام انتظامات مکمل ہیں ۔ ۔راٹھور