امریکی فضائی حملے میں 9پولیس افسران کے مارے جانے کی رپورٹس کی تحقیقات کی جارہی ہیں،نیٹو

منگل 7 اگست 2018 22:24

کابل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 اگست2018ء) نیٹو کا کہنا ہے کہ مشرقی افغانستان میں طالبان کے ساتھ شدیدلڑائی کے دوران امریکی فضائی حملے میں کم ازکم 9پولیس افسران کے مارے جانے کی رپورٹس کی تحقیقات کی جارہی ہیں ،یہ بات اس کے مشن نے منگل کے روزکہی۔

(جاری ہے)

افغان حکام ہلاکتوں کی تصدیق کرچکے ہیں جبکہ وزارت داخلہ کے ترجمان نصرت رحیمی نے کہاہے کہ صوبہ لوگرکے ضلع ازرامیں فضائی بمباری میں 9پولیس اہلکارہلاک اور14زخمی ہوئے ہیں ،رحیمی کاکہناتھاکہ رات گئے جنگجوؤں کے ساتھ کئی گھنٹوں کی لڑائی کے دوران پولیس نے فضائی مددطلب کی ،تاہم بدقسمتی سے غیرملکی فورسزنے ان کے اہداف پرغلطی سے بمباری کردی ،طالبان کوبھی بھاری جانی نقصان اٹھاناپڑاہے ۔

صوبائی کونسل کے سربراہ حمیداللہ حامدنے غیرملکی خبررساں ادارے کو بتایاکہ غیرملکی فورسزنے غلطی سے دوپولیس چیک پوائنٹس پربمباری کی اور15کے قریب پولیس اہلکارہلاک ہوگئے ،افغان میں نیٹوکے مشن نے تصدیق کی ہے کہ امریکی فورسزنے ضلع ازرامیں افغان فورسزکے دفاع میں فضائی حملہ کیالیکن ہلاکتوں کاذکرنہیں کیا۔ ترجمان لیفٹیننٹ کرنل مارٹن اوڈونل نے اے ایف پی کوبتایاکہ ہم معاملے کی مزیدچھان بین کررہے ہیں۔