Live Updates

سپریم کورٹ نے بنی گالہ میں تجاوزات اوربغیرپلاننگ تعمیرات کے حوالے سے ازخود نوٹس کیس کی سماعت چھ ہفتوں کیلئے ملتوی کردی

بنی گالہ کامعاملہ نئی حکومت کیلئے ٹیسٹ کیس ہوگا، چیف جسٹس کے ریمارکس

منگل 7 اگست 2018 23:00

سپریم کورٹ نے بنی گالہ میں تجاوزات اوربغیرپلاننگ تعمیرات کے حوالے ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اگست2018ء) سپریم کورٹ نے بنی گالہ میں تجاوزات اوربغیرپلاننگ تعمیرات کے حوالے سے ازخود نوٹس کیس کی سماعت چھ ہفتوں کیلئے ملتوی کردی۔ منگل کو چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے بنی گالہ میں تجاوزات کے حوالے سے ازخو نوٹس کیس کی سماعت کی۔ اس موقع پر سرویئر جنرل جمیل اختررائو نے عدالت کو بتایا کہ کورنگ نالہ کے سروے کے لئے ہمیں اس علاقے کا رقبہ جاتی ریکارڈ اور نقشوں کی ضرورت ہے جس پر چیف جسٹس نے ہدایت کی کہ محکمہ مال سروے آفس کو مطلوبہ ریکارڈ فراہم کیا جائے۔

چیف جسٹس نے واضح کیاکہ کہ اس معاملے میں جو ریاستی ادارے تعاون نہیں کریں گے، تو عدالت ان کے خلاف ایکشن لے گی، عدالت جانتی ہے کہ محکمہ مال نے پہلے عدالتی احکامات کو سنجیدگی سے نہیں لیا لیکن اب کسی کے ساتھ رعایت نہیں برتی جائے گی ۔

(جاری ہے)

چیف جسٹس نے کہا کہ ہم یہاں عدالت میں چائے پانی کے لئے نہیں آتے،عوام ہمیں اپنے پیسہ سے تنخواہ دیتے ہیں، محکمہ مال جب تک سروے جنرل آفس کو ریکارڈ فراہم نہ کرے گاہم سپریم کورٹ سے نہیں جائیں گے، فریقین مل بیٹھ کر آج ہی ریکارڈ فراہمی کویقینی بنائیں۔

سماعت کے دوران چیف جسٹس نے کہا کہ عمران خان نے خود اس معاملے میں درخواست دی تھی اوراب وہ خود وزیراعظم بن رہے ہیں بہترہے کہ وہ خود اس معاملے کو دیکھیںان کو دوسروں کے لئے مثال بننا چاہئے۔ سماعت کے دوران ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے بتایا کہ نئی حکومت بننے والی ہے اسے بنی گالہ میں تجاوزات کا معاملہ حل کرنے دیا جائے۔ سماعت کے دوران ڈاکٹر بابر اعوان کاکہناتھا کہ میں عدالت کویقین دلاتا ہوں کہ وزیراعظم لوگوں کے لئے مثال بنیں گے۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے بتایا کہ بنی گالہ میں تجاوزات کے معاملے پر دفعہ 144نافذ ہے تاہم اس معاملے کامستقل حل ہوناچاہیے ، جس پرچیف جسٹس نے کہا کہ اگر عمران خان بنی گالہ کے مسائل حل کرلیتے ہیں تو ہمیں کوئی مسئلہ نہیں۔ بنی گالہ کامعاملہ نئی حکومت کیلئے ٹیسٹ کیس ہوگا بعدازاں عدالت نے محکمہ مال سیکرٹری کوہدایت کی کہ سروے جنرل آفس کو مطلوبہ ریکارڈ فراہم کیا جائے اورمزید سماعت ملتوی کردی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات