بلیو وہیل گیم کے بعد مومو چیلنج نے انٹرنیٹ صارفین کو خوفزدہ کردیا

Ameen Akbar امین اکبر منگل 7 اگست 2018 23:44

بلیو وہیل گیم کے بعد مومو چیلنج نے انٹرنیٹ صارفین کو خوفزدہ کردیا
پچھلے سال بلیو وہیل گیم  کی وجہ سے بہت سے نوجوانوں اور بچوں کی اموات ہوئیں۔ اب ایک بار پھر اسی جیسا چیلنج سامنے آیا ہے، جس کے بارے میں خیال کیا جا رہاہے کہ ارجنٹائن کی 12 سالہ بچی کی ہلاکت کے پیچھے یہی مومو چیلنج ہے۔
رپورٹس کے مطابق مومو مختلف سوشل میڈیا جیسے وٹس ایپ، فیس بک اور یوٹیوب پر ایک اکاؤنٹ ہے۔ یہ اکاؤنٹ     خواتین کی ڈراؤنی  تصاویر  پر مشتمل آرٹ ورک کا استعمال کرتا ہے۔

(جاری ہے)

بلیو وہیل گیم کی طرح مومو چیلنج میں بھی شریک افراد کو مخصوص احکام پر عمل کرنے کا کہا جاتا ہے، ان احکام میں اجنبی فون نمبروں پر  لوگوں سے رابطہ کرنے اور اسی طرح کے کام کرنے کا کہا جاتا ہے۔اگر کوئی احکامات پر عمل نہ کرے تو اسے زیادہ پرتشدد تصاویر دکھا کر خوفزدہ کیا جاتا ہے۔
اطلاعات کے مطابق مومو جاپان، کولمبیا اور میکسیکو کے تین فون نمبروں سے مربوط ہے۔

ان نمبروں پر رابطہ کرنے پر فون کرنے والے کی خاصی بے عزتی کی جاتی ہے، انہیں ایسے اشارے دئیے جاتے ہیں، جیسے دوسری طرف موجود شخص آپ کو ذاتی طور پر جانتا ہو۔ یہی وجہ ہے کہ بچے نفسیاتی طور پر جلد مومو کے قابو میں آ جاتے ہیں۔
انٹرنیٹ پر صارفین momochallenge ہیش ٹیگ کے ساتھ ایک دوسرے کو اس چیلنج کے بارے میں آگاہ کر رہے ہیں۔