ایران نے حمزہ بن لادن کو سعودی عرب کے بجائے افغانستان بھیج دیا

سعودی عر ب کے اعلیٰ حکام کے روابط کے نتیجے میں ان کی آبائی وطن میں واپسی ممکن ہوئی تھی،بھائی کی گفتگو

بدھ 8 اگست 2018 12:47

ایران نے حمزہ بن لادن کو سعودی عرب کے بجائے افغانستان بھیج دیا
تہران(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اگست2018ء) ایران نے القاعدہ کے مقتول سربراہ اسامہ بن لادن کے ایک بیٹے اور ان کے ممکنہ جانشین حمزہ کو سعودی عرب کے حوالے کرنے کے بجائے افغانستان بھیج دیا ہے۔حمزہ تہران میں اپنی والدہ خیریہ صابر کے ساتھ مقیم تھے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اسامہ بن لادن کے کئی بیٹے اپنی بیویوں کے ہمراہ ایران سے سعودی عرب جا چکے ہیں اور اس وقت وہ وہیں رہ رہے ہیں ۔

القاعدہ کے سابق سربراہ کے چوتھے بیٹے 37 سالہ عمر نے بتایا کہ ان کی والدہ نجویٰ الغنم سے پانچ بھائی اور بہنیں تہران میں رہ رہے تھے۔انھوں نے ان کی ایران سے واپسی کے لیے کوشش کی تھیں اور ان کے نتیجے میں محمد ، بکر ، فاطمہ ، ایمن اور عثمان ایران سے واپس سعودی عرب جاچکے ہیں۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ سعودی عر ب کے اعلیٰ حکام کے روابط کے نتیجے میں ان کی آبائی وطن میں واپسی ممکن ہوئی تھی۔

عمر نے وضاحت کی کہ اگر ایران ان کے بھائی حمزہ کو ملک چھوڑنے اور سعودی عرب یا قطر جانے کی اجازت دے دیتا تو تاریخ تبدیل ہو چکی ہوتی اور اس کا پیچھا بھی نہیں کیاجاتا۔عمر نے اپنے بھائی حمزہ کی القاعدہ کے ایک رہ نما ابو محمد المصری کی بیٹی کے ساتھ شادی کی بھی تصدیق کی ۔انھوں نے گذشتہ چند روز کے دوران میں سامنے آنے والی ان رپورٹس کی تردید کی ہے جن میں یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ حمزہ کی نیویارک میں ورلڈ ٹریڈ سینٹر پر نائن الیون طیارہ حملوں کے ایک ہائی جیکر محمد عطا کی بیٹی سے شادی ہوئی ہے۔