سرن ویلی میں طوفانی بارش کے باعث ندی نالوں میں طغیانی،

بھوگڑ منگ میں مکان پانی کی زد میں آ کر تباہ

بدھ 8 اگست 2018 14:10

مانسہرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اگست2018ء) سرن ویلی میں طوفانی بارش کے باعث ندی نالوں میں طغیانی آ گئی، بھوگڑ منگ میں ایک مکان بارش کے پانی کی زد میں آ کر تباہ ہو گیا، واقعہ میں ایک عورت بھی زخمی ہوئی جبکہ سرن ویلی میں شاہراہ جگہ جگہ سے لینڈ سلائیڈنگ سے بند ہو گئی، دن دو بجے تک سرن ویلی سڑک لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے بند رہی جس سے مسافروں کو سفری سہولیات میں شدید دشواری کا سامنا رہا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق سرن ویلی میں شروع ہونے والی طوفانی بارش نے تباہی مچا کر رکھ دی، شدید گرج چمک کے ساتھ شروع ہونے والی بارش کا سلسلہ بدھ کی صبح تک جاری رہا جس کے باعث موسم میں خوشگوار تبدیلی دیکھنے میں آئی ہے۔ بارش کے باعث شہر بھر اور ملحقہ علاقوں کے نالے بند ہو گئے ہیں اور گندگی سڑکوں پر امڈ آئی ہے جس کے باعث راہگیروں، شہریوں اور تاجروں کو سڑک پر چلنے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔