عظیم پاکستانی کرکٹر نے عالمی کپ کیلئے گرین شرٹس کو فیورٹ قراردےدیا

ٹرافی جیتنے کیلئے بھارت اور انگلینڈ بھی سخت حریف ثابت ہوں گے ،سابق کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 8 اگست 2018 13:55

عظیم پاکستانی کرکٹر نے عالمی کپ کیلئے گرین شرٹس کو فیورٹ قراردےدیا
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔8اگست 2018 ء) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد یوسف نے گرین شرٹس کو انگلینڈ میں شیڈول دو ہزار انیس عالمی کپ کا ٹائٹل جیتنے کیلئے فیورٹ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت اور میزبان ٹیم انگلینڈ بھی ٹرافی کے لیے سخت حریف ثابت ہو سکتے ہیں۔ایک گفتگو کے دوران43سالہ محمد یوسف کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے پاس انگلینڈ میں ون ڈے ٹورنامنٹس جیتنے کا تجربہ انہیں ٹائٹل کے لیے فیورٹ بناتا ہے اور چونکہ انگلینڈ میں ہی ہونے والے چیمپئنز ٹرافی کے گزشتہ دو ایونٹس بھارت اور پاکستان نے جیتے ہیں لہٰذا دونوں میں ہی میگا ایونٹ کو جیتنے کی صلاحیت نظر آتی ہے۔

ایک سوال پر محمد یوسف کا کہنا تھا کہ آئندہ برس میگا ایونٹ میں سپنرز کا کردار اہمیت کا حامل ہوگا اور پاکستان کے علاوہ بھارت کے پاس اس حوالے سے بہترین آپشنز موجود ہیں لیکن اگر انہیں تین میں سے کسی ایک ٹیم کو چننے کیلئے کہا جائے تو ان کا انتخاب پاکستانی ٹیم ہوگی جس کے پاس انگلش کنڈیشنز کے لیے بہترین پیسرز بھی موجود ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وہ بھارتی فاسٹ باﺅلرز سے کچھ زیادہ متاثر نہیں ہیں جس نے انگلینڈ کے خلاف حالیہ ون ڈے سیریز میں کچھ زیادہ متاثر نہیں کیا ہے تاہم ان کی بیٹنگ لائن بہت مضبوط ہے۔

محمد یوسف کا کہنا تھا کہ انگلش ٹیم کے پاس ہوم ایڈوانٹیج بھی ہو گا جبکہ وہ ون ڈے فارمیٹ کی مضبوط ترین ٹیموں میں سے ایک ہے جو انہیں ورلڈ کپ کیلئے فیورٹ بناتی ہے۔سابق پاکستانی کپتان کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا ان دنوں سابق کپتان سٹیو سمتھ اور سابق نائب کپتان ڈیوڈ وارنر کی عدم دستیابی کی وجہ سے مشکلات سے دوچار ہے اور اگرچہ میگا ایونٹ سے پہلے دونوں ہی قومی ٹیم میں آجائیں گے لیکن اس کے باوجود انہیں میچ پریکٹس اور ہم آہنگی کا زیادہ موقع نہیں مل سکے گا۔