فوجی فرٹیلائزر کمپنی رواں سال یو این جی سی کے اجلاس میں پاکستان کے کارپوریٹ سیکٹر کی نمائندگی کریگی

بدھ 8 اگست 2018 15:32

فوجی فرٹیلائزر کمپنی رواں سال یو این جی سی کے اجلاس میں پاکستان کے کارپوریٹ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اگست2018ء) فوجی فرٹیلائزر کمپنی رواں سال نیو یارک میں ہونے والے یو این جی سی کے اجلاس میں پاکستان کے کارپوریٹ سیکٹر کی نمائندگی کرے گی۔ اس حوالے سے ایف ایف سی کے شعبہ سی ایس آر کے سربراہ بریگیڈئر (ر) ارشد محمود ستارہ امتیاز ملٹری اور یو این جی سی پاکستان کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر فصیح الکریم صدیقی کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں پائیدار ترقی کے ایجنڈا 2030ء کو پاکستان میں آگے بڑھانے کے حوالے سے دو طرفہ شراکت پر بات چیت کی گئی۔

(جاری ہے)

ملاقات میں ایف ایف سی کی جانب سے پائیدار کاروباری ترقی کے حوالے سے کیے جانے والے اقدامات پر بھی گفتگو کی گئی۔ ان اقدامات کو ملکی اور بین الاقوامی سطح پر سراہا جا چکا ہے۔ یو این جی سی کا اجلاس اس سال نیو یارک میں 24 ستمبر کو منعقد کیا جارہا ہے۔ ہر سال بین الاقوامی سمٹ کا انعقاد کیا جاتا ہے جس میں پائیدار ترقی کے اہداف کو بہتر طریقے سے آگے بڑھانے کے حوالے بات ہوتی ہے۔ گلوبل کمپیکٹ آفس دراصل اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے ما تحت کام کرنے والا ادارہ ہے جو کہ 1999ء سے لیکر اب تک پوری دنیا میں اقوام متحدہ کے اصولوں کے مطابق ذمہ دار کاروبار کے فروغ کے لیے کام کر رہا ہے۔