مبینہ انتخابی دھاندلی کے خلاف جے یو آئی (ف) کے خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں احتجاجی مظاہرے

بنوں، کرک ، لکی مروت، نوشہرہ ،مردان ، صوابی، مالاکنڈ میں مظاہروں کے دوران سڑکیں بلاک ،گاڑیوں کی قطاریں، مسافروں کو پریشانی کا سامنا

بدھ 8 اگست 2018 15:47

مبینہ انتخابی دھاندلی کے خلاف جے یو آئی (ف) کے خیبر پختونخوا کے مختلف ..
پشاور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اگست2018ء) جے یو آئی (ف) کے زیر اہتمام مبینہ انتخابی دھاندلی کے خلاف بدھ کے روز خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے ، ان مظاہروں کے دوران مظاہرین نے کئی مقامات پر مین روڈز بھی بلاک کئے، اے پی پی کے نمائندگان کے مطابق بنوں ، کرک ، لکی مروت، نوشہرہ ، مالاکنڈ سمیت دیگر اضلاع میں میں جے یو آئی ( ف) کے کارکنوں نے مبینہ انتخابی دھاندلی کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے، بنوں میں لنک روڈ پر مظاہرہ کیا گیا جس کے دوران مظاہرین بنوں کرک اور لکی مروت سے تعلق رکھنے والے جے یو آئی (ف) کے کارکنوں نے انڈس ہائی وے پر رکاوٹیں کھڑی کر کے اور ٹائر جلا کر ہائی وے کو ہر قسم کی ٹریفک کے لئے بلاک کر دیا، مظاہرین نے روڈ کے اوپر دھرنا یاہے جس کی وجہ سے شاہراہ پر دونوں جانب گاڑیوں کی لمبی لمبی قطاریں لگ گئیں اور مسافروں کو پریشانی کا سامنا کر نا پڑا، مظاہرین سے جے یو آئی ضلع بنوں کے امیر مولانا احمد اللہ ضلع کرک کے امیر حافظ ابن امین اورکرک (این اے 34) سے ایم ایم اے کے امیدوار مولانا مرزاقیم سمیت دیگر مقررین نے خطاب کیا ، مقررین کا کہنا تھاکہ وہ انتخابی نتائج تسلیم نہیں کرتے، مظاہرے کے دورران الیکشن کمیشن کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔

(جاری ہے)

لکی مروت میں اسی قسم کے مظاہرے کے دوران لکی سیمنٹ فیکٹری چوک میں انڈس ہائی وے کو ٹریفک کیلئے بلاک کیا گیامظاہرے کی قیادت ضلعی امیر مولانا عبدالرحیم کر رہے تھے ، الیکشن میں مبینہ دھاندلی کے خلاف ضلع نوشہر ہ میں اکوڑہ خٹک کے مقام پراپوزیشن جماعتوں کی جانب سے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ، مظاہرے کے دوران ی ٹی روڈ کو ٹریفک کے لیے بلاک کی گیا، اسی طرح کا مظاہرہ ملاکنڈ میں بھی ہوا جہاں مظاہرین نے چترال،سوات اور مالاکنڈ کو ملانے والی مرکزی شاہراہ کو بلاک کر کے احتجاج ریکارڈ کرایا،مظاہرین کی قیادت جے یو آئی مالاکنڈ کے نائب امیر مولاناجاوید کر رہے تھے۔

صوابی میں مبینہ انتخابی دھاندلی کے خلاف مظاہرے کے دوران جے یو آئی (ف) کے کارکنوں نے صوابی انٹر چینج کے قریب پشاور اسلام آباد موٹروے کو ٹریفک کیلئے بند کر کر کے احتجاج ریکارڈ کرایا،مردان میں الیکشن میں مبینہ دھاندلی کے خلاف کاٹلنگ بازار میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا،کوہاٹ میں احتجاج میں ن لیگ کے کارکن بھی شریک ہو ئے۔