سپریم کورٹ کا توہین عدالت کیس میں عامر لیاقت حسین کو 20 ہزار روپے جرمانہ ڈیم فنڈز میں جمع کرانے کا حکم

بدھ 8 اگست 2018 16:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اگست2018ء) سپریم کورٹ آف پاکستان نے توہین عدالت کیس میں عامر لیاقت حسین کو 20 ہزار روپے جرمانہ ڈیم فنڈز میں جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔ بدھ کو سپریم کورٹ میں عامر لیاقت کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت ہوئی۔ چیف جسٹس ثاقب نثار نے استفسار کیا کہ عامر لیاقت نے پروگرام میں کہاں عدالتی حکم کی خلاف ورزی کی چیف جسٹس نے وکیل کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سی ڈی میں عدالت کو مواد فراہم کریں۔

(جاری ہے)

وکیل نے بتایا کہ عامر لیاقت نے نفرت انگیز مواد نشر کیاچیف جسٹس نے کہا کہ عدالتی حکم کی خلاف ورزی کی گئی ہے تو پروگرام بند کردیں۔ جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ آزادی رائے کی کچھ حدود ہیں ،ْ چیف جسٹس نے کہا کہ مادر پدر آزادی قابل قبول نہیں ،ْعامر لیاقت کہتا تھا ایسے نہیں چلے گا میں نے کہا تمہارا رویہ بھی نہیں چلے گا۔ سپریم کورٹ نے عامر لیاقت کو بیس ہزار روپے جرمانہ ڈیم فنڈ میں جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی سماعت جمعہ تک ملتوی کردی۔