گرینڈ الائنس فار فری اینڈ فیئر الیکشن میں شامل سیاسی جماعتوں کا الیکشن کمیشن کے سامنے مظاہرہ،

اسمبلیوں کے اندر اور باہر احتجاج جاری رکھنے کا اعلان مظاہرے میں راجہ ظفر الحق، راجہ پرویزاشرف، سید خورشید شاہ، غلام احمد بلور، آفتاب شیرپائو، نوید قمر، شیری رحمن، خواجہ آصف، خواجہ سعد رفیق، جاوید ہاشمی، قمر زمان کائرہ اور دیگر کی شرکت

بدھ 8 اگست 2018 16:53

گرینڈ الائنس فار فری اینڈ فیئر الیکشن میں شامل سیاسی جماعتوں کا الیکشن ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اگست2018ء) گرینڈ الائنس فار فری اینڈ فیئر الیکشن میں شامل سیاسی جماعتوں نے بدھ کو الیکشن کمیشن کے سامنے مظاہرہ کیا اور انتخابی عمل پر اپنے شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے الیکشن کمیشن اور پورے انتخابی عمل کے خلاف نعرے بازی کی۔ مظاہرے میں مسلم لیگ (ن) کے چیئرمین اور سینیٹ میں قائد ایوان راجہ ظفر الحق، سابق وزیر اعظم راجہ پرویزاشرف، سید خورشید احمدشاہ، حاجی غلام احمد بلور، آفتاب احمد خان شیرپائو، سید نوید قمر، شیری رحمن، خواجہ محمدآصف، خواجہ سعد رفیق، مخدوم جاوید ہاشمی، طلال چوہدری، عابد شیر علی، مشاہد اللہ خان، زاہد خان، بشریٰ گوہر، مولانا حمداللہ، ڈاکٹر طارق فضل چوہدری ، تنویر حسین ، زاہد حامد ، بشیر ورک، میئر راولپنڈی سردار نسیم، قمر زمان کائرہ اور مولانا امیر زمان سمیت مسلم لیگ (ن)، متحدہ مجلس عمل، عوامی نیشنل پارٹی، پیپلزپارٹی سمیت گرینڈ الائنس فار فری اینڈ فیئر الیکشن میں شامل دیگر جماعتوں کے رہنمائوں اور کارکنوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

الیکشن کمیشن کے باہر مظاہرین نے الیکشن 2018ء میں مبینہ دھاندلی پر سخت رد عمل کااظہار کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیااور اس حوالے شدید نعرے بازی کی اور کہا کہ اس معاملے پر ہم خاموش نہیں رہیں گے ۔ اسمبلیوں کے اندر اور باہر اپنا احتجاج جاری رکھیں گے۔