Live Updates

کراچی آپریشن پر نظر ثانی کا کوئی امکان نہیں ہے،سیکورٹی ادارے

آپریشن کسی ایک فرد یا تنظیم کیخلاف نہیں بلکہ دہشت گردوں اور جرائم پیشہ افراد کیخلاف ہے، آپریشن سے قبل تمام اسٹیک ہولڈرزکو اعتماد میں لیا گیا تھا، پولیس

بدھ 8 اگست 2018 17:36

کراچی آپریشن پر نظر ثانی کا کوئی امکان نہیں ہے،سیکورٹی ادارے
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اگست2018ء) سیکورٹی اداروں نے کہاہے کہ کراچی آپریشن پر نظر ثانی کا فی الحال کوئی امکان نہیں ہے۔تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف اور متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے درمیان حکومت سازی کے لئے طے پانے والی9نکاتی معاہدے میں سے تیسرے نکتے میں یہ بات بھی شامل ہے کہ کراچی آپریشن میں نظر ثانی اور تمام شراکت داروں سے مشاورت کی جائے گی۔

اس حوالے سے پولیس،رینجرز اور دیگر سیکورٹی اداروں کے اعلی افسران کا کہنا ہے کہ فی الوقت اس بات کا امکان کم ہے کہ کراچی آپریشن پر کسی قسم کی نظر ثانی کی جائے۔کراچی پولیس کے ایک سینئر پولیس آفیسرنے بتایاکہ کراچی آپریشن کسی ایک فرد یا تنظیم کے خلاف نہیں بلکہ دہشت گردوں اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف ہے اور آپریشن شروع ہونے سے قبل تمام اسٹیک ہولڈرز جس میں وفاقی اور صوبائی حکومت ،سیاسی جماعتیں اور قانون نافذ کرنے والے ادارے شامل ہیں کو اعتماد میں لیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ اس آپریشن میں کبھی یہ نہیں دیکھا گیا کہ جس ملزم کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے اسکا تعلق کس تنظیم سے ہے یا وہ کونسی زبان بولنے والا ہے۔ٹی ٹی پی،لشکر جھنگوی،القاعدہ بر صغیر ،لیاری گینگ وارسمیت ہر قسم کے دہشت گرد اور جرائم پیشہ عناصر کیخلاف اس آپریشن میں کارروائی کی گئی ہے اس لئے اس بات کا امکان کم ہے کہ آپریشن کی رفتار اور سمت میں کوئی تبدیلی آئے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات