رام اللہ، صہیونی فوج کا ’کوبر کالونی‘ میں آپریشن، شہید اور اسیر فلسطینیوں کی تصاویریں پھاڑ دیں

دونوں فلسطینی نوجوانوں نے انٹیلی جنس کے تمام حفاظتی انتظامات کو ناکام بنا کر اسرائیل کے غیض وغضب کو دعوت دی ہے، صہیونی فوج

بدھ 8 اگست 2018 18:19

رام اللہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اگست2018ء) قابض صہیونی فوج نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے وسطی شہر رام اللہ میں آدم کالونی میں یہودی آبادکاروں پر حملہ کرنیوالے شہید محمد طارق اور حلمیش یہودی کالونی میں آبادکاروں کو ہلاک کرنے کے بعد گرفتار ہونیوالے فلسطینی عمر العبد کی تصاویر پرزے پرزے کر دیں۔

(جاری ہے)

اطلاعات کے مطابق اسرائیلی فوج اور انٹیلی جنس حکام کی بھاری نفری شمالی رام اللہ کی ’کوبر‘ کالونی میں داخل ہوئی اور شہید طارق اور اسیر العبد کے گھر میں گھس کر توڑپھوڑ کے بعد ان کی تصاویر پھاڑ ڈالیں۔

صہیونی فوجیوں نے اہلیان کوبر کو طارق اور العبد جیسے ہیروز پیدا کرنے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں فلسطینی نوجوانوں نے انٹیلی جنس کے تمام حفاظتی انتظامات کو ناکام بنا کر اسرائیل کے غیض وغضب کو دعوت دی ہے۔