باعزت بقاء کیلئے محنت سے کام کرنا اور قومی یکجہتی ضروری ہیں، وائس چانسلر پروفیسر نیاز احمد

بلوچستانی وفد کا پنجاب یونیورسٹی کا دورہ

بدھ 8 اگست 2018 19:49

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 اگست2018ء) وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر نیاز احمد اختر نے کہا ہے کہ دنیا میں باعزت بقاء کیلئے ہمیں اتحاد ویگانگت اور سخت محنت کے کلچر کو فروغ دینا ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے الرازی ہال میں بلوچستان سے لاہور کے دورہ پر آئے طلبا اور صحافیوں کے وفدکیلئے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر ڈائریکٹر شعبہ امور طلبہ افتخار چوہدری، پاکستان آرمی سدرن کمانڈ سے میجر آصف، وائس آف بلوچستان آمنہ کاہلوں ، صحافی، اساتذہ ، یونیورسٹی آف تربت اور بلوچستان کے مختلف کالجز سے طلبائو طالبات بڑی تعداد میں موجود تھے۔وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر نیاز احمد نے کہا کہ آج کا پاکستان ماضی کی نسبت زیادہ مضبو ط ہے جس کا سہرا ہماری مسلح افواج اور لوگوں کی قربانیوں کو جاتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے مسائل کی شناخت اور انہیں حل کرنا چاہیے اورہمیں مایوس نہیں ہونا کیونکہ پاکستان کا مستقبل بہت روشن ہے ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی تمام صوبوں کے مابین قومی یکجہتی کو فروغ دینے کیلئے تمام صوبوں کے طلباء کو ایک سمسٹر پڑھانے کے لئے سہولت فراہم کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب پاکستانی ہیں اور ہمیں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرتے رہنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں وطن عزیز کی قدر و احترام کا احساس ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہاپاکستان دوسرا ملک ہے جس میں نوجوان کثیر تعداد میں موجود ہیں۔ وائس چانسلر پروفیسر نیاز احمد نے کہا کہ پاکستانی بے پناہ صلاحیتوں کے حامل ہیں اور قابل لوگوں کے لئے بے شمار نوکریاں موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں ان پڑھ شخص نابینا کی مانند ہوتا ہے تاہم صرف تعلیم یافتہ ہونا کافی نہیں بلکہ ہمیں اپنے شعبوں میں مہارت بھی حاصل ہونی چاہیے۔

انہوں نے طلبہ کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ وہ اعلیٰ تعلیم حاصل کریں کیونکہ ہر شعبہ میں نوکریوں کے بے شمار مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیںاپنے وطن عزیر کا شکر گزار رہنا چاہیے جس کی بدولت ہم آزاد فضاء میں رہتے ہوئے لاتعداد مواقع حاصل کرتے رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی انتظامیہ یونیورسٹی میںزیر تعلیم بلوچستانی طلبہ کی بھرپور معاونت جاری رکھے گی۔انہوں نے بلوچستان میں امن کے قیام کو یقینی بنانے اور صوبائی ہم آہنگی کو فروغ دینے کیلئے سدرن کمانڈ کی کاوشوں کو سراہا۔بعد ازاں وائس چانسلر نے معزز مہمانوں کو یادگاری شیلڈز پیش کی اور ظہرانہ دیا۔ قبل ازیں وفد نے لائبریری کا دورہ کیا۔