مطالبات پورے ہونے تک مل کر جدوجہد کریں گے، ووٹ کی عزت کیلئے جدوجہد کو کامیابی تک جاری رکھیں گے

مولانا فضل الرحمن، احسن اقبال، محمود اچکزئی، قمر زمان کائرہ اور میاں افتخار کا الیکشن کمیشن کے باہر گرینڈ ڈیمو کریٹک الائنس فری اینڈ فیئر الیکشن کے احتجاج کے موقع پر اظہار خیال

بدھ 8 اگست 2018 20:49

مطالبات پورے ہونے تک مل کر جدوجہد کریں گے، ووٹ کی عزت کیلئے جدوجہد کو ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اگست2018ء) گرینڈ ڈیمو کریٹک الائنس فری اینڈ فیئر الیکشن میں شامل جماعتوں نے کہا ہے کہ وہ اپنے مطالبات پورے ہونے تک مل کر جدوجہد کریں گے، ووٹ کی عزت کیلئے جدوجہد کو کامیابی تک جاری رکھیں گے۔ اس بات کا اظہار اتحاد میں شامل سیاسی جماعتوں کے رہنمائوں نے الیکشن کمیشن کے باہر احتجاج کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔

متحدہ مجلس عمل کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ ہم جمہوری کارکنوں کی قربانیوں کو ضائع نہیں ہونے دیں گے، آج عوام سڑکوں پر کھڑے ہیں، الیکشن کمیشن کی غیر جانبداری سوالیہ نشان بن گئی ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا کہ آج کا اجتماع تاریخ ساز ہے، آج یہاں ہر رنگ کے جھنڈے ہیں، اگر کسی کا خیال ہے کہ یہ منزل حاصل کئے بغیر منتشر ہو گا تو یہ اس کی بھول ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) انتقامی سیاست کو مسترد کرتی ہے، ووٹ کی عزت کیلئے جدوجہد کو کامیابی تک جاری رکھیں گے۔ پختونخوا عوامی ملی پارٹی کے سربراہ محمود اچکزئی نے کہا کہ ہم یہاں کسی کو گالی دینے نہیں آئے، ہم نے صرف امیدواروں کو بلایا تھا کارکنان کو نہیں لیکن پھر بھی ایک بڑی تعداد میں لوگ موجو دہیں، پاکستان کے عوام ایک بڑی تحریک چلانے کیلئے تیار ہیں۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا کہ آج ہماری تحریک کا نقطہ آغاز ہے، مختلف سیاسی جماعتیں اکٹھے ہوئے کر ایک نعرہ لگا رہی ہیں، 25 جولائی سے قبل مختلف سیاسی جماعتوں نے تحفظات کا اظہار کیا، تمام جماعتوں نے الیکشن کو مسترد کر دیا ہے، عوام کے لہجے پڑھ لیں۔ اے این پی کے رہنما میاں افتخار نے کہا کہ اصل جمہوریت کو لانے تک مل کر چلیں گے، ہماری جدوجہد عوام کے حقوق اور جمہوریت کیلئے ہے۔