مقبوضہ کشمیر، مسلم لیگ کا غیر قانونی طور پر نظر بند کشمیریوں کی حالت زار پر اظہار تشویش،شہداء کے اہلخانہ کیساتھ اظہار یکجہتی

بدھ 8 اگست 2018 21:17

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اگست2018ء) مقبوضہ کشمیر میں جموںوکشمیرمسلم لیگ نے جیلوں میں غیر قانونی طور پر نظر بند کشمیریوں کی حالت زار پر سخت تشویش ظاہر کی ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق مسلم لیگ کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ مقبو ضہ کشمیر اور بھارت کی مختلف جیلوں میں جھوٹے مقدمات میں نظر بند کشمیر یوں کی مشکلات میں ہرگزرتے دن کے ساتھ اضافہ ہو رہا ہے۔

انہوںنے کہا کہ نظر بندوں کو طبی سمت تمام بنیادی سہولیات سے محروم رکھا جا رہا ہے اور اسکے ساتھ انہیں ذہنی اور جسمانی تشدد کا بھی نشانہ بنایا جاتا ہے۔ ترجمان نے اپنی پارٹی کے نظر بند سربراہ مسرت عالم بٹ، ڈاکٹرمحمد قاسم فکتو، مشتاق الاسلام، ڈاکٹر شفیع شریعتی، شبیر احمد شاہ،غلام قادر بٹ، محمد یوسف میر، آسیہ اندرابی، خان محمد سوپوری، ناہیدہ نسرین، فہمیدہ صوفی،اسداللہ پرے، محمد حیات بٹ،شوکت حکیم، معراج الدین نندا، مولوی سجاد،فیاض احمد طلاق، نعیم احمد خان،راجہ کلوال،ایاز اکبر، محمد یوسف فلاحی، سلمان یوسف، عاشق حسین میر، بشارت احمد، مفتی ندیم،سرجان برکاتی؂، شکیل احمد ایتو، عمر عادل ڈار، بشیر قریشی اور دیگر نظر بندوں کے عزم و استقلال کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ مشکلات کا مردانہ وار مقابلہ کرتے ہوئے اپنے موقف پر چٹان کی طرح ڈٹے ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ نظر بندافراد ایک عظیم مقصد کے لیے اپنی زندگی کے قیمتی روز و شب جیلوں اور عقوبت خانوںمیں گزار رہے ہیںاور انکی عظیم قربانی ہرگز رائیگاں نہیں جائے گی۔جموںوکشمیر مسلم لیگ کے ترجمان سجاد ایوبی نے عالمی برادی اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ کشمیر نظر بندوں کی حالت زار کا نوٹس لیتے ہوئے انکی رہائی کے لیے کردار ادا کریں۔

دریں اثنااسلامی تنظیم آزادی کے چیئرمین عبدالصمدانقلابی شہید محمد عارف میر، شہید عمر نزیرملک ،شہیداعجازاحمدپال، شہید وقاراحمدشیخ ، شہیدارشادخان ، شہیدعادل ملک اورشہید شاہد خان کے اہلخانہ کیساتھ اظہار یکجہتی کے لیے ان کے گھروںمیں گئے۔حریت رہنمائوں شبیر احمد ڈار اور امتیاز احمد ریشی نے ایک بیان میں غلام نبی وسیم کی مسلسل نظری بندی کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے سیاسی انتقام قرار دیا ہے۔