Live Updates

عام انتخابات میں عوامی مینڈیٹ چوری کرکے دنیا بھر میں پاکستان کی تذلیل کی گئی،قاری محمد عثمان

50 فیصد حلقوں کو کھول دیا جائے دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائے گا ،نائب صدرجے یوآئی کراچی

بدھ 8 اگست 2018 22:50

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 اگست2018ء) جمعیت علماء اسلام کے صوبائی نائب امیر قاری محمد عثمان نے کہاکہ 25 جولائی کو عوامی مینڈیٹ کو چوری کرتے ہوئے دنیا بھر میں پاکستان کی تذلیل کی گئی ہے ۔ہم انجینئرڈنتائج کو مسترد کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کے استعفیٰ کا مطالبہ کرتے ہیں ۔حالیہ انتخابات میں پاکستان کی تاریخ کی بدترین ٹیکنیکل دھاندلی کی گئی ہے ۔

وہ حب ریور روڈ شیر شاہ چوک پر نماز ظہر پڑھانے کے بعد عوام کے پر ہجوم اجتماع سے خطاب کررہے تھے ۔احتجاجی دھرنے کے اجتماع سے مولانا عمرصادق، قاضی فخرالحسن اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا ۔قاری محمد عثمان نے کہاکہ اگر الیکشن کمیشن واقعی غیر جانبدار ہے تو پھر کم ازکم اپنے اختیارات کی لاج رکھتے ہوئے 50 فیصد حلقوں کو کھول دیا جائے دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائے گا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تمام قومی جماعتوں نے حالیہ انتخابات اور انکے نتائج کو مسترد کردیا ہے ۔چیف الیکشن کمشنر سمیت انکی پوری ٹیم نے پاکستان کو شفاف اور منصفانہ انتخابات کے بجائے تحریک انصاف تحفے میں دی ہے جسے قومی قیادت نے بر وقت مسترد کرتے ہوئے اس مذاق کے خلاف ملک بھر میں احتجاج کا آغاز کردیا ہے۔ اور الیکشن کمیشن سے مستعفی ہونے کا مطالبہ بھی کردیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اگر الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف ہی کو لانا تھا تو پھر قومی خزانے سے تقریبا 21 ارب کی خطیر رقم کیوں خرچ کی گئی کیا الیکشن کمیشن کا یہ عمل بدترین کرپشن نہیں ان سے کوئی پوچھنے والا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان میں انصاف نام کی کوئی چیز ہوتی تو چیف جسٹس آف پاکستان کو تاریخ کی اس بدترین دھاندلی کے خلاف از خود نوٹس لیتے ہوئے انصاف کے تقاضے پورے کرنے ہوتے۔

قاری محمد عثمان نے کہاکہ آج احتجاج کا آغاز کردیا ہے اب یہ سلسلہ اسوقت تک جاری رہے گا جب تک منصفانہ انتخابات کا اعلان نہیں کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو یہودی اور مغربی اسٹیٹ نہیںبننے نہیں دیا جائے گا۔ جعلی مینڈیٹ کے بعد قادیانیوں کی غیر معمولی سرگرمیوں کا آغاز سوالیہ نشان ہے۔ جمعیت علماء اسلام اور متحدہ مجلس عمل ان سرگرمیوں کا سنجیدگی سے نوٹس لے رہی ہے اور وقت آنے پر قوم کو بتایا جائے گا کہ مرزا مسرور کے ساتھ کیا معاہدہ کیا گیا تھا ۔

انہوں نے کہا کہ دنیا کی کوئی طاقت عقیدہ ختم نبوت ﷺ اور تحفظ ناموس رسالت ﷺ کے قانون پر ہاتھ نہیں ڈال سکتی۔ مولانا عمر صادق اور دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ قیادت کے حکم پر انصاف کے حصول تک تحریک جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ کارکن ہر وقت تیار رہیں ۔کراچی سے اسلام آباد جانے کیلئے آج سے اپنی تیاری شروع کردیں ۔علاوہ ازیں گھگھر پھاٹک اور سپر ہائی وے پر بھر پور احتجاج کیا گیا۔ مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ 25 جولائی کے انتخابات میں عوامی مینڈیٹ کو جس ہوشیاری سے چھینا گیا ہے پاکستان کی تاریخ میں اسکی مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری تحریک سے بہت سوں کی نیندیں حرام ہوجائیں گی۔#
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات