دیا مر بھا شا اور مہمند ڈیمز کی جلد تکمیل کیلئے سفارشات سپریم کورٹ میں پیش کر دی گئیں

ْسپریم کورٹ کی جانب سے سفارشات کی توثیق ، منصوبوں پر تعمیراتی کام کا جلد آغاز ممکن ہو گیا

جمعرات 9 اگست 2018 18:46

دیا مر بھا شا اور مہمند ڈیمز کی جلد تکمیل کیلئے سفارشات سپریم کورٹ میں ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اگست2018ء) دیا مر بھاشااور مہمند ڈیم پر جلد تعمیر اتی کام کے آغاز اور دونوں منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لئے ڈیمز عملدرآمد کمیٹی نے اپنی سفارشات سپریم کورٹ میں پیش کر دیں۔سپریم کورٹ نے اِن سفارشات کی توثیق کر دی ہے، جس کے بعد طویل عرصہ سے تعمیراتی کام کے منتظر اِن دونوں منصوبوں پر کام کا جلد آغاز ممکن ہوگیاہے ۔

دیا مر بھاشا ڈیم کے متاثرین کی آبادکاری کا مسئلہ ایک دہائی سے زیرِ التوا تھا ۔ تاہم ڈیمز عملدرآمد کمیٹی کی سفارشات میں اِس اہم معاملے پر تاریخی پیش رفت ہوئی ہے ۔ عملدرآمد کمیٹی نے متاثرین کی آباد کاری کے لئے ایک نیا فارمولا وضع کیاہے اور سپریم کورٹ نے اِس کی توثیق کر دی ہے ۔اِس فارمولے کی وجہ سے آبادکاری کے لئے مقامی لوگوں کی ضروریات اور خواہشات کو پورا کرنے میں مدد ملے گی اور دیا مر بھاشا ڈیم پر تعمیراتی کام کا جلد آغاز بھی ہو سکے گا ۔

(جاری ہے)

سپریم کورٹ نے مہمند ڈیم پراجیکٹ کے لئے سابق مہمند ڈیم ایجنسی میں زمین کی جلد از جلد خریداری پر مبنی سفارش کی بھی توثیق کر دی۔سپریم کورٹ کو پیش کی گئی سفارشات میں اِس بات کو بھی اجاگر کیاگیا کہ پراجیکٹ ایریا میں اعتماد سازی کے جامع اقدامات کی بدولت مقامی آبادی کو صحت ، تعلیم اور آمدورفت کی سہولیات میسر آئیں گی اور انہیں ملازمتوں کے مواقع بھی حاصل ہوں گے ۔

سپریم کورٹ کے بنچ نے ہدایات جاری کیں کہ تمام متعلقہ وزارتیں اور محکمے مئوثر طریقہ کار وضع کرنے کے لئے ضروری اقدامات عمل میں لائیں تاکہ دیا مر بھاشا اور مہمند ڈیمز پر تعمیراتی کام کے جلد آغاز اور پاکستان کے لوگوں کے جینے کے حق کو یقینی بنایا جاسکے ۔سپریم کورٹ نے چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل (ر)مزمل حسین کی سربراہی میں قائم ڈیمز عملدرآمد کمیٹی کے کام کے معیار اور رفتار کی تعریف کی ۔