پاکستان ، افغانستان میں امن کا خواہاں ہے ، ڈاکٹر محمد فیصل

خطے میں امن کیلئے افغانستان کے مسائل کے حل کیلئے تما م تر اقدامات کرے گا مقبوضہ کشمیر میں ریاستی جبر چھپانے کیلئے بھارت صحافیوں کو رسائی نہیں دے رہا ، مظلوم کشمیریوں پر ظلم وجبر کا سلسلہ جاری ہے رواں سال اب تک 1400سے زائد مرتبہ سیز فائر کی خلاف ورزی کی گئی ہے،گلگت بلستان میں سکول جلا جانے کے حوالے تحقیقات کی جارہی ہیں، ترجمان دفترخارجہ کی ہفتہ وار پریس بریفنگ بریفنگ سے قبل وزارت خارجہ کے افسر کا گایا ہوا ’’پاکستان تومیر ی جان ہے‘‘ ملی نغمہ پیش کیا گیا

جمعرات 9 اگست 2018 19:32

پاکستان ، افغانستان میں امن کا خواہاں ہے ، ڈاکٹر محمد فیصل
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 اگست2018ء) ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا ہے کہ پاکستان ، افغانستان میں امن کا خواہاں ہے اور خطے میں امن وامان قائم رکھنے کیلئے افغانستان کے مسائل کے حل کیلئے تما م تر اقدامات کرے گا۔مقبوضہ کشمیر میں ریاستی جبر چھپانے کیلئے بھارت صحافیوں کو رسائی نہیں دے رہا ۔ بھارت کی جانب سے مظلوم کشمیریوں پر ظلم وجبر کا سلسلہ جاری ہے ۔

دفترخارجہ میں گزشتہ روز ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں مظالم کا سلسلہ تیز کردیا ہے اور صرف گزشتہ ماہ کے دوران بھارتی افواج کی جانب سے جارحیت کی وجہ سے تقریبا 30شہری شہید ہوچکے ہیںجبکہ 300سے زائد زخمی ہوگئے ۔ بھارتی افواج نے گزشتہ چند ہفتوں کے دوران 170سے زائد افراد کو حراست میں لیاجبکہ 46مکانات کو مسمار کردیا گیا ۔

(جاری ہے)

ترجمان دفترخارجہ نے بتایا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں چھپانے کیلئے صحافیوں کو کشمیر میں جانے کی اجازت نہیں دے رہا۔رواں سال کے دوران اب تک 1400سے زائد مرتبہ سیز فائر کی خلاف ورزی کی گئی ہے۔ انہوںنے بتایا کہ دو اگست کو بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفترخارجہ طلب کرکے سیز فائر کی خلاف ورزی کے خلاف احتجاج کیا گیا۔

بھارتی افواج نے کنٹرول لائن کی خلاف ورزی کرتے ہوئے منڈل سیکٹر میں اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں دو معصوم شہری شہید ہوگئے۔ ترجمان نے بتایا کہ پاکستان نے مونا بائو بارڈر کو خصوصی طور پر کھولا ۔ مونابائو بارڈر بھارتی خاتون کی لاش کو لے جانے کیلئے خصوصی طور پر کھولا گیا۔اس پر بھارتی ایم ایل اے نے بذریعہ خط سیکرٹری خارجہ کو خط لکھ کر اس اقدام پر شکریہ ادا کیا۔

انہوںنے بتایا کہ گلگت بلستان میں سکولوں کو جلائے جانے کے حوالے تحقیقات کی جارہی ہیں ۔ افغانستان کے مسئلے پر بات کرتے ہوئے ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹرمحمد فیصل نے کہا کہ پاکستان ہمسایہ برادر ملک افغانستان میں امن کا خواہاں ہے۔ااس میں امن وامان قائم کرنے کیلئے ہرممکن اقدامات کیے جائیںگے۔ایک سوال کے جواب میں ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ شا م سمیت دیگر خلیجی ممالک کے معاملے میں پاکستان کا موقف بڑا واضح ہے۔

ہم معاملات کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے کے خواہاںہیں۔پاکستان شام ، مصر اور کشمیرمیں بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی کی سختی سے تردید کرتا ہے۔ دفترخارجہ میں جشن آزادی کے حوالے سے بریفنگ سے قبل وزارت خارجہ کے افسر کا گایا ہوا ’’پاکستان تومیر ی جان ہے‘‘ ملی نغمہ پیش کیا گیا جسے تمام صحافیوںسمیت دفترخارجہ کے عملے نے ملکر گایا۔۔۔۔۔۔ شمیم محمود، نامہ نگار