بیروزگار ی کا خاتمہ، وزیر اعظم آزاد کشمیر بزنس لون پروگرام کے بڑے منصوبے کا افتتاح

حکومت آزاد کشمیر نے ابتدائی طور پر 75کروڑ روپے فراہم کر دئیے آئندہ پانچ سالوں میں بغیر کسی سفارش کے خالصتا میرٹ کی بنیاد پر 1لاکھ 32ہزار مرد و خواتین کو 75ہزار روپے تک کے آسان شرائط پر بلا سود قرضے دئیے جائیں گے،تنظیم اخوت کی خدمات حاصل

جمعرات 9 اگست 2018 19:55

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 اگست2018ء) بیروزگار ی کے خاتمے کے لیے وزیر اعظم آزاد کشمیر بزنس لون پروگرام کے بڑے منصوبے کا افتتاح کر دیا ہے ۔ حکومت آزاد کشمیر نے ابتدائی طور پر 75کروڑ روپے فراہم کر دئیے آئندہ پانچ سالوں میں بغیر کسی سفارش کے خالصتا میرٹ کی بنیاد پر 1لاکھ 32ہزار مرد و خواتین کو 75ہزار روپے تک کے آسان شرائط پر بلا سود قرضے دئیے جائیں گے ۔

جس کے لیے معروف سماجی تنظیم اخوت کی خدمات حاصل کر لی گئی ہیں ۔اس پروگرام کا باضابطہ افتتاح عثمانیہ مسجد نزد وزیراعظم ہائوس میں ہوا جس کے مہمان خصوصی وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان تھے ۔ تقریب میں وزیر صنعت و حرفت محترمہ نورین عارف،وزیر اطلاعات مشتاق احمد منہاس، سیکرٹریزحکومت ،سربراہان محکمہ جات کے علاوہ اخوت کے بانی چیئرمین ڈاکٹر امجد ثاقب بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ مرد و خواتین ، بیوہ گان اور پڑھے لکھے نوجوان اس پروگرام کا خصوصی ہدف ہونگے حکومت ہر سال بجٹ میں اضافہ کرے گی ۔ اس سال دسمبر تک 12ہزار افراد کو قرضہ دینے کا ہدف ہے ۔اخوت دنیا میں بلاسود قرضوں کی فراہمی کا سب سے بڑا اور شفاف نیٹ ورک ہے جس کی ریکوری کا تناسب.9 99فیصد ہے ۔

سابق وزیر اعلیٰ پنچاب میاں محمد شہباز شریف کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے ڈیڑھ ارب روپے کی رقم ہمیں تحفے میں دی جس میں سے ہم نے اپنے طور پر 75کروڑ بلاسود قرضوں اور 75کروڑتعلیمی وظائف کے لیے مختص کیے ۔ سود کا نظام اللہ سے جنگ کے مترادف ہے حلال کی رقم سے شروع کیے گئے کاروبار میں اللہ رب العزب برکت عطا فرماتا ہے ۔ 1لاکھ 32ہزار قرضوں میں سے ایک قرضہ بھی کسی سیاسی وابستگی ،سفارش ،پسند و ناپسند کی بنیاد پر نہیں دئیے جائیں گے نہ ہی اس عمل میں حکومت کا کوئی کردار ہوگااور اس کے لیے براہ راست اخوت کی برانچیں اپنا کام کریں گی ۔

اخوت کے انتظامی اخراجات آزاد حکومت کے بجٹ سے دینے کے ساتھ ساتھ ہر سال اس کے لیے مختص رقم میں اضافہ بھی کریں گے ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ چھوٹے چھوٹے کاروبار کے آغاز سے لوگ اپنے پائوں پر کھڑے ہونگے اور اپنے خاندان کی کفالت کرنے کے ساتھ ساتھ ریاستی ترقی میں بھی اپنا حصہ ڈالیں گے ۔ ڈاکٹر امجد ثاقب چیئرمین اخوت نے اس موقع پر کہا کہ حکومت آزاد کشمیر کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے ایک نیک مقصدکے لیے ہمیں چنا اخوت کا پہلا قرضہ دس ہزار مالیت کا تھا جس کو درد دل رکھنے والے افراد کے تعاون اور اس کارخیر میں برکت کے باعث آج اس کے کل قرضوں کی مالیت 66ارب روپے تک پہنچ گئی ہے اور اس کا ریکوری ریٹ 99.9فیصد ہے ۔

یہ اس وقت دنیا میں بلا سود قرضوںکا سب سے بڑا نیٹ ورک ہے ہم نے اس کام کو عبادت سمجھ کر شروع کیا اور کر رہے ہیں۔ اس موقع پر وزیراعظم نے دو سو افراد میں بلاسود قرضوں کے چیک بھی تقسیم کیے ۔