سی پیک پاکستان کے روشن مستقبل اور خوشحالی کی نوید ہے ،گورنر پنجاب

جمعرات 9 اگست 2018 21:07

سی پیک پاکستان کے روشن مستقبل اور خوشحالی کی نوید ہے ،گورنر پنجاب
لاہور۔9 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اگست2018ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ ہمیں سیاسی اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ملک و قوم کی ترقی، خوشحالی اور معیشت کو مضبوط خطوط پر استوار کرنے کے لئے کام کرنا ہو گا ، سی پیک پاکستان کے روشن مستقبل اور خوشحالی کی نوید ہے ، ملک سے دہشت گردی کے خامے کے لئے حکومت ، افواج پاکستان اور دیگر سیکورٹی اداروں نے گراں قدر خدمات سرانجام دی ہیں، سکیورٹی فورسز کے جوانوں پر مان ہے ان کے خلاف بات کرنے کا تصور بھی نہیں کیا جاسکتا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں مقامی ہوٹل میں ’’ اٹھارویں سی ای او سمٹ ایشیا 2018 ء ‘‘ اور’’ 100 بہترین سی ای اوز اینڈ کمپنیز ‘‘کی کتاب کی رونمائی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

تقریب میں سابق وزیر داخلہ احسن اقبال ، بانی سی ای او کلب پاکستان اعجاز نثار ، اکرم المجید سہگل چیئر مین پاتھ فائنڈر گروپ اور عامر نیازی سی ای او ایچ آر ایس جی ریکروٹنگ کے علاوہ ملکی و غیر ملکی کمپنیوں کے نمائندوں نے شرکت کی ۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ ملک سے بے روزگاری کے خاتمہ کے لئے پرائیویٹ سیکٹر کو آگے آنا چاہیے اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور معاشی پالیسیاں بنانے کے لئے بڑی بڑی کمپنیوں کو تھنک ٹینک بنانا ہو گا ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت تمام نوجوانوں کو روزگار فراہم نہیں کر سکتی اس کے لئے پرائیویٹ سیکٹر کو حکومت کے ساتھ چلنا ہو گا ۔ انہوں نے کہا کہ ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کے لئے ایف بی آر اور دیگر سرکاری اداروں کے قوانین کو مزید آسان بنانا ہو گا تاکہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کو کسی قسم کی دقت اور پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔

گورنر نے کہا کہ زراعت ہماری معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے لہذا ہمیں اس کی ترقی اور کسان کو زیادہ سے زیادہ سہولیات دینا ہوں گی ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ترقی کی راہ پر ڈالنے کے لئے بہت زیادہ مواقع موجود ہیں اور پاکستانی قوم ذہانت کے لحاظ سے کسی سے کم نہیں ۔ گورنر پنجاب نے سی ای او کلب کے منتظمین کو بزنس کمیونٹی کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنے اور انہیں سہولیات فراہم کرنے پر خراج تحسین پیش کیا ۔

انہوں نے کہا کہ ’’ 100 بیسٹ پرفارمنگ سی ای اوز اینڈ کمپنیز ‘‘ بک سرمایہ کاروں کے لئے بہترین گائیڈ ثابت ہو گی ۔ انہوں نے کہا کہ سی ای او کلب نے پاکستان میں بک کلچر کو پھر سے زندہ کیا ہے ۔اس موقع پر گورنر پنجاب نے ’’ اٹھارویں سی ای او سمٹ ایشیا 2018 ء ‘‘ اور’’ 100 بہترین سی ای اوز اینڈ کمپنیز ‘‘بُک کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ اُنہوں نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں میں سوینئرز بھی تقسیم کیے۔