زرخیز زمینوں میں سفیدے کادرخت کاشت نہ کیا جائے،ناظم جنگلات

جمعرات 9 اگست 2018 21:25

راولپنڈی09اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اگست2018ء) ناظم جنگلات راولپنڈی شمالی سرکل اطہر شاہ کھگہ نے کہا ہے کہ زرخیز زمینوں میں سفیدے کادرخت کاشت نہ کیا جائے کیونکہ یہ بہت زیادہ پانی جذب کرتا ہے جو کسی بھی صورت ماحول کے لئے نفع بخش نہیں-انہوں نے کہا کہ سفیدے کا درخت سیم زدہ زمینوں میں زیادہ سے زیادہ لگایا جائے جہاں پر یہ انتہائی مفید ثابت ہوتا ہے - اس کے علاوہ سفیدے کا درخت سخت جان ہوتا ہے حتی کہ ریگستانوں ، بنجر اور اجاڑ زمینوں میں بھی تیزی سے بڑھتا ہے جہاں اس کی زیادہ سے زیادہ کاشت کی جانی چاہیئے - انہوں نے کہا کہ سفیدے کا درخت بھکر، میانوالی، خوشاب حتی کہ چولستان میں بھی کامیابی سے اگتا ہے مگر زرخیز زمینوں اور کھیتوں کے گرد اس کی کاشتکاری کسی بھی صورت نفع بخش نہیں ہی- یہ بات انہوں نے شجرکاری مہم کے حوالے سے بریفنگ کے دوران کہی - انہوں مزید کہا کہ سوشل میڈیا میں درخت لگانے کے حوالے بے پناہ آگاہی پیدا کی گئی ہے جس کی وجہ سے عوام میں اس سال پودے خریدنے کے رجحان میں اضافہ ہوا ہے - انہوں نے کہا کہ محکمہ جنگلات راولپنڈی شمالی سرکل کے پاس 11 لاکھ پودوں کا سٹاک دستمبر تک کے لئے محکمہ جنگلات کی نرسریوں میں موجود ہے - انہوں نے کہا کہ پودے لگانے کے بعد ان کی دیکھ بھال کرنا بھی انتہائی ضروری ہے اور اس حوالے سے بھی آگاہی پیدا کرنے کی ضرورت ہے ۔

متعلقہ عنوان :