ْعوامی اور سیاسی سطح پر اتحادویکجہتی کا ماحول پیدا کرنا انتہائی ضروری ہے، حافظ محمد سعید

فرقہ واریت اور پارٹی بازی کی بجائے قوم کو نظریہ پاکستان پر متحد کرنا چاہتے ہیں، ورکرز کنونشن سے خطاب،وفود سے گفتگو

جمعرات 9 اگست 2018 22:46

ْعوامی اور سیاسی سطح پر اتحادویکجہتی کا ماحول پیدا کرنا انتہائی ضروری ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 اگست2018ء) امیر جماعةالدعوة پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ عوامی اور سیاسی سطح پر اتحادویکجہتی کا ماحول پیدا کرنا انتہائی ضروری ہے۔فرقہ واریت اور پارٹی بازی کی بجائے قوم کو نظریہ پاکستان پر متحد کرنا چاہتے ہیں۔ ہم نے اپنی منزلوں کا تعین مفادات کی بنیاد پر نہیں کرنا۔لاکھوں جانوں کا نذرانہ پیش کر کے حاصل کئے گئے ملک کا تحفظ نظریہ پاکستان پر عمل پیرا ہونے سے ہی ممکن ہے۔

بھارت نے کشمیریوں کی مضبوط تحریک آزادی سے بوکھلاکرنہتے کشمیریوں کی قتل و غارت گری تیز کر دی۔سیدہ آسیہ اندرابی سمیت دیگر لیڈروں کو تہاڑ جیل منتقل کرنادرندگی کی انتہا ہے۔ٹوبہ ٹیک سنگھ اور سرگودھا میں ملی مسلم لیگ ورکرز کنونشن سے خطاب اور مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ ہم نے سیاست کا رخ بدلنا ہے۔

(جاری ہے)

کم وسائل کے ساتھ بھی خدمت کا کام کریں گے۔

ضلعی سطح پر ریلیف سرگرمیوں کا نیٹ ورک منظم کریں گے۔ لوگ جیتنے کے بعد کام کرتے ہیں ہم آج سے کریں گے۔انتخابی مہم کے دوران پورے ملک میں لاالہ الااللہ محمد رسول اللہ کا نعرہ گونجا۔جب لاالہ الااللہ آتا ہے تو زمین آسمان ایک ہو جاتے ہیں،آسمان سے رحمت برستی ہے اور زمین پر تبدیلی آتی ہے۔ہم سیاست نہیں ایک مشن شروع کر چکے ہیں۔انہوںنے کہاکہ بھارتی فوج نے کشمیر میں ریاستی دہشت گردی کی انتہا کر دی۔

کالا قانون پبلک سیفٹی ایکٹ لگا کر نوجوانوں کی بڑی تعداد کو جیلوں میں ڈالا جارہا ہے۔ بھارتی فوج نے پورے کشمیر کو فوجی چھاؤنی میں تبدیل کر رکھا ہے۔ حریت قائدین کو محض اس لئے قید کر دیا گیا ہے کہ وہ احتجاجی مظاہروں کی قیادت نہ کر سکیں۔ بھارتی فوج نہتے مظاہرین کیخلاف پیلٹ گن اور دیگر مہلک ہتھیار استعمال کر رہی ہے۔ حکومت پاکستان کو چاہیے کہ وہ بھارتی ظلم و دہشت گردی کیخلاف بین الاقوامی سطح پر بھرپور آواز بلند کرے۔

کشمیری عوام بھارتی فوج کی گولیوں کے سامنے بھی پاکستانی پرچم بلند کر رہے ہیں۔ پاکستان کشمیریوں کاسب سے بڑا وکیل ہے اور مظلوم کشمیری مشکل ترین حالات میں وطن عزیز پاکستان کی طرف دیکھ رہے ہیں۔تحریک آزادی اب رکنے والی نہیں ہے کشمیر کا بچہ بچہ آزادی کیلئے نکل کھڑا ہوا ہے۔ایسے حالات میں پاکستان کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ کشمیریوں کی کھل کر مدد و حمایت کرے اور تحریک آزادی میں ان کا ساتھ دے۔

انہوںنے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم انتہا کو چھو رہے ہیں لیکن کشمیر بنے گا پاکستان کا نعرہ حقیقت کا روپ دھار کر رہے گا۔غاصب بھارت کے اقدامات کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کا راستہ نہیں روک سکتے۔ دشمن پاکستان کو کمزور کرنے کے لئے نت نئے حربے آزما رہے ہیں، انڈیا ہمارے دریاؤں پرتیزی سے غیر قانونی ڈیم بنا رہا ہے۔اگر ہم پاکستان میں معاشی استحکام لانا چاہتے ہیں تو اپنی پالیسیاں تبدیل کرنا ہوں گی۔

حافظ محمد سعید نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح ایک سچے مسلمان اور بہادر لیڈر تھے۔انہوں نے دو قومی نظریے کی بنیاد پر آزادی کی تحریک چلائی۔یہ ملک ہم نے بے پناہ قر بانیوں کے بعد حاصل کیاہے ۔ انہوں نے کہاکہ لاالہ الااللہ ہی ہماری دعوت ہے اور اسی پر ہم نے سیاست کرنی ہے۔ یہی نظریہ پاکستان ہے۔ یہ ملک اللہ کی بہت بڑی نعمت اور لاالہ الااللہ محمد رسول اللہ کی امانت ہے۔ لاکھوں لوگوں نے اسی کلمہ طیبہ کی خاطر قربانیاں پیش کی تھیں۔ جب ہم یہ باتیں بھول گئے تو یہ ملک دولخت ہو گیا۔انہوںنے کہا کہ مظلوم کشمیریوں کی ہر ممکن مددوحمایت کی ضرورت ہے۔