الیکشن کمیشن نے حلقہ این اے65 کی نشست خالی قرار دے دی

جمعرات 9 اگست 2018 23:13

الیکشن کمیشن نے حلقہ این اے65 کی نشست خالی قرار دے دی
چکوال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 اگست2018ء) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے حلقہ این ای65 کی نشست خالی قرار دے دی۔ چوہدری پرویز الہٰی نے اس نشست پر کامیابی حاصل کی تھی ، انہوں نے گجرات سمیت تلہ گنگ کی نشستیں خالی کرتے ہوئے اپنی پنجاب اسمبلی کی نشست پاس رکھی ہے۔ این ای65پر ضمنی الیکشن کا شیڈول آئندہ چند روز میں سامنے آنے کا امکان ہے۔

مرکز اور صوبوں میں حکومت سازی کیلئے جو ڑ توڑ پورے عروج پر ہے۔ مرکز اور پنجاب میں پی ٹی آئی کی حکومتیں بننے کے امکانات روشن ہیں۔ جبکہ پنجاب کے وزیراعلیٰ کیلئے چکوال سے نو منتخب ایم پی اے راجہ یاسر سرفراز کا نام لیا جا رہا ہے جس کی وجہ سے ضلع چکوال کی15لاکھ عوام کی نظریں اسلام آباد پر لگی ہیں جہاں سے تھوڑے ہی عرصے میں وزیراعلیٰ پنجاب کی نامزدگی کا اعلان ہونا ہے بہرحال وزارت اعلیٰ اپنی جگہ پر یہ بات یقینی ہے کہ کم از کم صوبوں میں تین وزارتیں ضلع چکوال کو ملنے کے قوی امکانات ہیں جن میں راجہ یاسر سرفراز، حافظ عمار یاسر اور ڈاکٹر یاسمین راشد فیورٹ ہیں۔

(جاری ہے)

البتہ وفاق میں وزارت کا امکان تو کم ہے بہرحال سردار ذوالفقار علی خان دلہہ کو کسی اور اہم ذمہ داری سے سرفراز کیا جا سکتا ہے۔ قسمت کی ستم ظریفی دیکھو کہ چکوال کی موجودہ تبدیلی میں اہم کردار ادا کرنے والے سردار غلام عباس اس سارے کھیل سے باہر ہیں، سردار غلام عباس کے کاغذات نامزدگی مسترد نہ ہوتے تو وہ یقینی طور پر ایم این اے تھے اور ضلع چکوال کا موجودہ سیاسی نقشہ کچھ اور ہوتا، سردار ذوالفقار علی خان دلہہ مسلم لیگ ن کے ٹکٹ پر پی پی23میں شکست کھا چکے ہوتے مگر اب صورتحال یہ ہے کہ ضلع چکوال کی موجودہ سیاست میں سردار ذوالفقار علی خان بڑے انتخابی اور سیاسی کھلاڑی بن کر ابھرے ہیں اور ضلع چکوال کی مستقبل کی سیاست میں سردار ذوالفقار علی خان کے کردار کو نظر انداز نہیں کیا جا سکے گا۔

بہرحال حلقہ این ای65پر مسلم لیگ ق نے چوہدری شجاعت حسین کونامزد کر دیا ہے ، شروع میں جو شدید تحفظات اورطوفان چوہدری شجاعت حسین کیخلاف اٹھا تھا اب وہ بیٹھنا شروع ہوگیا ہے، چوہدری شجاعت حسین کو ہر طرف سے پی ٹی آئی اور مسلم لیگ ق کی طرف سے حمایت آنا شروع ہوگئی ہے اور جمعرات کے روز سوشل میڈیا پر یہ خبر بھی گردش کر رہی ہے کہ سردار غلام عباس نے بھی چوہدری شجاعت حسین کی حمایت کا اعلان کردیا ہے جبکہ سردار گروپ کے اندر موجود سرکردہ عمائدین کی کوشش اور خواہش ہے کہ حلقہ این ای65پر سردار غلام عباس امیدوار بن کر سامنے آئیں۔

ضلع چکوال کا سیاسی منظرنامہ واضح ہونا شروع ہوگیا ہے اور اب مستقبل کی سیاست پی ٹی آئی اور مسلم لیگ ق کے درمیان گھومے گی ، دوسری طرف مسلم لیگ ن کا اپوزیشن کردار کس طرح سامنے آتا ہے سب نظریں سینٹر جنرل(ر) عبدالقیوم اور شہنشاہ تعمیرات ایم پی اے ملک تنویر اسلم سیتھی پر لگی ہیں۔ بہرحال ضلع چکوال میں ایک سیاسی توازن ہے اور اس کے مثبت سیاسی اثرات سامنے آئیں گے۔