قومی اسمبلی کا اجلاس 13 اگست کوطلب کر لیا گیا

صدر مملکت نے اجلاس بلانے کی سمری کی منظوری دے دی، 13 اگست کو ہونے والےاجلاس میں نو منتخب ارکان اسمبلی حلف اٹھائیں گے

muhammad ali محمد علی جمعرات 9 اگست 2018 22:53

قومی اسمبلی کا اجلاس 13 اگست کوطلب کر لیا گیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 اگست2018ء) قومی اسمبلی کا اجلاس 13 اگست کوطلب کر لیا گیا، صدر مملکت نے اجلاس بلانے کی سمری کی منظوری دے دی، 13 اگست کو ہونے والےاجلاس میں نو منتخب ارکان اسمبلی حلف اٹھائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق نگراں وزیراعظم جسٹس ریٹائرڈ ناصر الملک نے قومی اسمبلی کا پہلا اجلاس 13 اگست کو بلانے کی سمری صدر مملکت کو بھجوادی تھی۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے کامیاب ارکان کے نوٹیفکیشن جاری ہونے کے بعد نگراں وزیراعظم جسٹس ریٹائرڈ ناصر الملک نے قومی اسمبلی کا پہلا اجلاس بلانے کی سمری صدر مملکت ممنون حسین کو بھجوائی، سمری میں نئی اسمبلی کا اجلاس 13 اگست کو بلانے کی تجویز دی گئی۔ پہلے اجلاس میں قومی اسمبلی کے نو منتخب ارکان حلف اٹھائیں گے پھر اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب ہوگا اور اس کے بعد قائد ایوان کا انتخاب عمل میں آئے گا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ 25 جولائی کو عام انتخابات ہوئے تھے اور آئین کے تحت نگراں حکومت کی جانب سے ہر حال میں 15 اگست تک قومی اسمبلی کا پہلا اجلاس بلایا جانا ضروری ہے۔ دوسری جانب ایوان صدر نے تصدیق کی ہے کہ انہیں سمری موصول ہو گئی۔ اس حوالے سے اب صدر مملکت نے سمری کی منظوری بھی دے دی ہے۔ صدر مملکت ممنون حسین نے قومی اسمبلی کا اجلاس 13 اگست کو ہی بلانے کی منظوری دی ہے۔

  13 اگست کو ہونے والےاجلاس میں نو منتخب ارکان اسمبلی حلف اٹھائیں گے۔ دوسری جانب قومی اسمبلی کے پہلے اجلاس کے موقع پر سیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کے فیصلے کے بعد پارلیمنٹ ہائوس اسلام آباد کی سیکیورٹی کیلئے خصوصی پلان وضع کرلیا گیا ہے جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو چوکنا کرتے ہوئے پارلیمنٹ ہائوس کے اردگرد کے علاقے میں گشت بھی بڑھا دیا گیا ہے۔

نجی ٹی وی کے مطابق قومی اسمبلی کے پہلے اجلاس کے موقع پر سیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کے انتظامی فیصلے کے بعد پارلیمنٹ ہائوس کی سیکیورٹی میں اضافہ کر دیا گیا ہے جبکہ قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران سیکیورٹی پلان بھی تشکیل دے دیا گیا ہے ،سیکیورٹی پلان کو سیکرٹری قومی اسمبلی کی مشاورت سے وضع کیا گیا ہے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو اس بارے میں آگاہ کردیا گیا ہے سیکیورٹی معاملات پر مشاورت کیلئے سیکرٹری قومی اسمبلی سے ایس ایس پی سیکیورٹی اور سپیشل برانچ کے اعلی حکام نے ملاقات کی اور پارلیمنٹ ہائوس کی مختلف جگہوں کی سیکیورٹی کے انتظامات اور متعلقہ اداروں سے معاونت کے معاملے پر بات چیت کی گئی۔

قومی اسمبلی کے پہلے اجلاس کے موقع پر سیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات ہوں گے ، اجلاس سے قبل تمام جگہوں کا جدید سیکیورٹی آلات سے معائنہ کیا جائے گا۔