Live Updates

امریکہ کو اس بات کا ادراک ہو چکا ہے کہ افغانستان کے مسئلے کا فوجی حل قابل عمل نہیں‘

اس وجہ سے بات چیت کی خواہش پیدا ہوئی ہے‘ اب امن ایک موقع ہے اور پاکستان اس میں تعاون کے لئے تیار ہے‘ ہم چاہتے ہیں کہ روس کی تیل اور گیس تلاش کرنے والی کمپنیاں پاکستان آئیں پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی پاکستان میں روس کے سفیر الیگزرے ڈیڈوف سے ملاقات کے دوران گفتگو

جمعرات 9 اگست 2018 23:40

امریکہ کو اس بات کا ادراک ہو چکا ہے کہ افغانستان کے مسئلے کا فوجی حل ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اگست2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ امریکہ کو اس بات کا ادراک ہو چکا ہے کہ افغانستان کے مسئلے کا فوجی حل قابل عمل نہیں‘ اس وجہ سے بات چیت کی خواہش پیدا ہوئی ہے‘ اب امن ایک موقع ہے اور پاکستان اس میں تعاون کے لئے تیار ہے‘ ہم چاہتے ہیں کہ روس کی تیل اور گیس تلاش کرنے والی کمپنیاں پاکستان آئیں۔

وہ جمعرات کو یہاں پاکستان میں روس کے سفیر الیگزرے ڈیڈوف سے ملاقات کے دوران اظہار خیال کر رہے تھے جنہوں نے بنی گالہ میں ان سے ملاقات کی اور عام انتخابات میں ان کی جماعت کی کامیابی پر انہیں مبارکباد دی۔ اس موقع پر تحریک انصاف کے سینئر رہنما ڈاکٹر شہزاد وسیم‘ علی زیدی‘ پرویز خٹک ‘ فیصل جاوید اور زلفی بخاری بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

پی ٹی آئی کے مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں رہنمائوں میں پاکستان اور روس کے تعلقات‘ دوطرفہ تجارت‘ انسانی حقوق ‘ دہشتگردی اور افغانستان میں استحکام سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

روسی سفیر نے پاک روس مشترکہ فوجی مشقوں میں پاکستان اور روس کے تعاون کو سراہتے ہوئے پاکستان آرمی کے ہوا بازوں کی جانب سے خراب موسم کی وجہ سے پھنسے روسی کوہ پیمائوں کو ریسکیو کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ روسی سفیر نے کہا کہ ماسکو اسلام آباد کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید بہتر بنانے کا خواہشمند ہے اور وہ اقتصادی تعاون ‘ انسانی حقوق ‘ کیمیائی ہتھیاروں و دہشتگردی کے خاتمے اور افغانستان میں امن و استحکام کے لئے تعاون چاہتا ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ دونوں ملکوں کے بنکوں کے درمیان کسی تیسرے ملک کے بغیر براہ راست ٹرانزیکشن کمیونیکیشن ہونی چاہیے۔ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے روسی سفیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان روس کے ساتھ تعلقات کو مزید بہتر بنائے گا۔ عمران خان نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ روس کی تیل و گیس تلاش کرنے والی کمپنیاں پاکستان آئیں۔ انہوں نے افغانستان میں استحکام کی اہمیت پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ کو اس بات کا ادراک ہو چکا ہے کہ افغانستان کے بحران کا فوجی حل قابل عمل نہیں۔ اسی لئے اس نے مذاکرات کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔ اب امن ایک موقع ہے اور پاکستان اس میں مدد کے لئے تیار ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات