ایمش شخص نے گھوڑا گاڑی کی اوبر جیسی سروس لانچ کر دی

Ameen Akbar امین اکبر جمعرات 9 اگست 2018 23:58

ایمش  شخص نے گھوڑا گاڑی  کی اوبر جیسی سروس لانچ کر دی
کولون، مشی گن سے تعلق رکھنے والے ایک ایمش باشندے ٹموتھی ہوچسٹیڈلر نے ایک طرح کی ”ایمش اوبر“ سروس لانچ کی  ہے۔
ایمش امریکا اور یورپ میں موجود ایک عیسائی کمیونٹی ہے۔ اس کمیونٹی کی آبادی تقریباً  80 لاکھ نفوس پر مشتمل ہے۔ ایمش لوگ ٹیکنالوجی کے استعمال کے سخت مخالف ہیں۔ یہ آج بھی انگاروں والی استری  اور گدھا گاڑی استعمال کرتے ہیں۔ ان لوگوں کا ماننا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی استعمال کرنے سے خواہشات بڑھتی ہیں  اور انسان دنیاوی زندگی کو زیادہ وقت دینے لگتا ہے۔

(جاری ہے)


ٹموتھی نے اپنی گھوڑا گاڑی سروس کا الحاق  تو اوبر سے نہیں کیا لیکن علاقے میں ٹیکسی  سروس کی کمی کو ضرور پورا کیا ہے۔ مسافر ٹموتھی کی گھوڑا گاڑی  کو  صرف پانچ  ڈالر ادا کر کے بک کر سکتے ہیں۔ ٹموتھی ان پانچ ڈالروں میں مسافروں کو  کولون میں کسی بھی جگہ لے جاتے ہیں ۔
ایمش لوگ چونکہ ٹیکنالوجی کا استعمال نہیں کرتے، اس لیے ٹموتھی کی اس گھوڑا گاڑی سروس کی کوئی ایپلی کیشن ہونے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ لوگ جھنڈے کی مدد سے ٹموتھی کو اشارہ کر کے ان کی گھوڑا گاڑی روکتے اور اس میں سوار ہو جاتے ہیں۔
مقامی افراد اس سروس کے آغاز سے بہت خوش ہیں اور گھوڑا گاڑی میں بیٹھ کر صرف پانچ ڈالر میں سرسبز و شاداب علاقے کولون کی سیر کرتے ہیں۔