جاپان اور امریکہ میں وزارتی سطح کے تجارتی مذاکرات آئندہ ہفتے ہوںگے

جمعہ 10 اگست 2018 11:00

ٹوکیو ۔10 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اگست2018ء) جاپان اور امریکہ دوطرفہ تجارتی معاملات کو سلجھانے کے لیے وزارتی سطح کی بات چیت کا نیا دور شروع کرنے والے ہیں۔ جاپان کے وزیرِ معاشی بحالی توشی متسٴْو موتیگی اور امریکا کے تجارتی نمائندے رابرٹ لائٹ ہائزر جمعرات کو واشنگٹن میں آزادانہ، منصفانہ اور برابری کی سطح پر تجارت سے متعلق سلسلہ وار مذاکرات کریں گے۔

(جاری ہے)

موتیگی امریکا کو بحرالکاہل کے آرپار شراکتداری برائے آزادانہ تجارت سمجھوتے میں واپس آنے پر قائل کرنے کے مقصد سے کثیر فریقی آزاد تجارت کی اہمیت پر زور دیں گے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے منصب سنبھالنے کے جلد بعد امریکا کو اس معاہدے سے نکال لیا تھا۔ایسے وقت میں جب امریکا موٹر گاڑیوں اور ان کے پرزہ جات پر درآمدی ڈیوٹی بڑھانے پر غور کر رہا ہے، وہ لائٹ ہائیزر کو آگاہ کرنا چاہتے ہیں کہ جاپانی کمپنیوں نے امریکا میں بھاری سرمایہ کاری کی ہے اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کیے ہیں۔