Live Updates

پاکستان تحریک انصاف نے اقتدار میں آتے ہی بڑا کام کرنے کا فیصلہ کر لیا

پی ٹی آئی کا اقتدار میں آتےہی پروٹوکول میں کمی کے لیے بلیو بُک تبدیل کرنے کا فیصلہ

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 10 اگست 2018 11:04

پاکستان تحریک انصاف نے اقتدار میں آتے ہی بڑا کام کرنے کا فیصلہ کر لیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 10 اگست 2018ء) : پاکستان تحریک انصاف مرکز اور پنجاب میں حکومت بنانے کی پوزیشن میں ہے جس کے لیے نمبرز گیم بھی مکمل کر لی گئی ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان نے عام انتخابات میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے کے بعد اپنے پہلے پالیسی خطاب میں عوام سے کئی وعدے کئے جن میں سے ایک وعدہ اپنے خرچے کم کرنا اور پروٹوکول میں کمی کرنا ہے ، عمران خان نے کہا تھا کہ میں عوام کے ٹیکس کے پیسوں کی حفاظت کروں گا اور اسی کے پیش نظر پاکستان تحریک انصاف نے حکومت میں آتے ہی پروٹوکول میں کمی کے لیے بلیو بُک میں تبدیلیاں کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے وزیر اعظم سمیت ملک کے اہم عہدیداروں کے پروٹوکول کو کم کرنے کے لیے روایتی بلیو بُک میں تبدیلی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انتظامیہ صدر مملکت ، وزیراعظم ، چیئر مین سینٹ، سپیکر قومی اسمبلی اور دیگر اہم حکومتی عہدیداروں ک وطے شدہ بلیو بُک کے مطابق پروٹوکول دینے کی پابند ہے ۔ کسی اہم شخصیت کی خواہش کے باوجود انتظامیہ ہر صورت بلیو بُک کے قواعد و ضوابط پر عمل کرنے کی پابند ہے۔

لیکن اب پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے سادگی کو اپناتے ہوئے غیر ضروری پروٹوکول کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ، اس حوالے سے انتظامی افسروں اور قانونی ماہرین نے بتایا کہ اگر وہ اس پر عمل کروانا چاہتے ہیں تو انہیں پروٹوکول کی بلیوبُک میں تبدیلیاں لانا ہوں گی جس کے بعد عمران خان نے اپنی پارٹی کے اہم عہدیداروں سے مشاورت کی اور انہیں ٹاسک دیا کہ وہ بلیو بُک میں تبدیلی کے لیے سفارشات مرتب کریں۔

لہٰذا اقتدار میں آتے ہی پاکستان تحریک انصاف کی حکومت بلیو بُک میں ترمیم کرکے روایتی پروٹوکول کو ختم کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ اُمید کی جا رہی ہے کہ صدر مملکت ، وزیراعظم سمیت تمام اہم حکومتی عہدیداروں کا روایتی پروٹوکول ختم کردیا جائے گا اور پروٹوکول کے نئے قواعد و ضوابط جاری کئے جائیں گے جس سے سادگی کو فروغ دیا جائے گا اور یوں پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان عوام سے کیا اپنا وعدہ بھی پورا کریں گے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات