عمر اکمل کا کرکٹ کیریئر ڈانواں ڈول ہونے لگا

دوران پریکٹس نوجوان باﺅلرز کا بھی سامنا نہ کرپائے،2بار بولڈ ہوئے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 10 اگست 2018 14:10

عمر اکمل کا کرکٹ کیریئر ڈانواں ڈول ہونے لگا
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔10اگست 2018 ء) عمر اکمل کرکٹر سے زیادہ باڈی بلڈر نظر آنے لگے۔کسی دور میں پاکستانی بیٹنگ کے اگلے سٹار قرار دیے جانے والے عمراکمل آف دی فیلڈ سرگرمیوں اور تنازعات میں الجھ کر اپنے پیروں پر خود ہی کلہاڑی مارتے رہے، ستمبر2011ءکے بعد قومی ٹیم کی جانب سے کوئی ٹیسٹ نہ کھیلنے والے بیٹسمین نے گرین شرٹس کے لیے آخری ٹی ٹونٹی بھی ستمبر 2016ءمیں کھیلا تھا۔

گزشتہ سال جنوری میں ایڈیلیڈ میں آسٹریلیا کے خلاف میچ کے بعد انھیں کوئی ون ڈے انٹرنیشنل میچ کھیلنے کا بھی موقع نہیں دیا گیا، رواں سال پی ایس ایل میں عمراکمل نے لاہور قلندرز کی جانب سے 5میچزمیں محض 67رنز بنائے،اس کے بعد فرنچائز کی جانب سے انہیں میدان میں سکواڈ کے ساتھ لے جانے سے بھی گریز کیا گیا،عمر اکمل کو چیمپئنز ٹرافی 2017 ءکے لیے قومی سکواڈ میں بھی شامل کیا گیا تھا تاہم ٹورنامنٹ کے آغاز سے قبل ہی ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے انہیں ان فٹ قرار دے کر وطن واپس بھیج دیا ،انہوںنے ہیڈ کوچ مکی آرتھر پر گالیاں دینے کا الزام بھی لگایا جس کے باعث ان پر3میچز کی پابندی لگادی گئی ۔

(جاری ہے)

گزشتہ سال کی طرح اس بار بھی وہ سینٹرل کنٹریکٹ کی گرد کو بھی نہیں چھوسکے جب کہ ایک انٹر ویو میں ورلڈ کپ2015ءمیں فکسرز کی جانب سے رابطہ کیے جانے کا بیان دے کر بھی مشکل میں پھنس چکے ہیں۔ گزشتہ کئی مواقع کی طرح اب ایک بار پھر انھوں نے عزم نو کے ساتھ قومی ٹیم میں واپسی کا ارادہ لیے پریکٹس شروع کردی لیکن ان کا یہ تجربہ خوشگوار ثابت نہیں ہوا،ماڈل ٹاﺅن اکیڈمی میں بیٹنگ کا آغازکیا تو نوجوان باﺅلرز نے ان کا تیز گیندوں سے استقبال کیا۔ابتدا میں ہی اعتماد سے عاری نظر آنے والے عمراکمل نے 4گیندیں جسم پر کھائیں اور 2بار بولڈ بھی ہوگئے،کرکٹر سے زیادہ باڈی بلڈر نظر آنے والے 28سالہ بلے باز اب بھی قومی ٹیم میں واپسی کی امیدیں لگائے بیٹھے ہیں ۔