چمن، تاجر کے قتل پر لواحقین اور انجمن تاجران کا ڈپٹی کمشنر کے آفس کے سامنے لاش سڑک پر رکھ کر احتجاج اور دھرنا

جمعہ 10 اگست 2018 14:31

چمن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اگست2018ء) چمن کے کاروباری مرکز افغان مارکیٹ میں تین روزقبل ڈاکوؤں کی فائرنگ سے زخمی ہونے والا تاجر غوث اللہ جمعہ کو ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ لواحقین نے واقعہ کے خلاف شدیداحتجاج کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر کے آفس کے سامنے لاش سڑک پر رکھ کر اور لاش کے ہمراہ دھرنا دیا اور مال روڈ سڑک کو ٹریفک کے لئے بلاک کردیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انجمن تاجران اور لواحقین نے لاش سڑک پر رکھ کر احتجاج ریکارڈ کیا اور انتظامیہ کے خلاف شدید نعرہ بازی کی گئی جبکہ ڈی سی آفس کے اطراف میں پولیس، لیویز کی بھاری نفری تعینات رہی۔ دھرنے کے باعث مال روڈ ٹریفک کی آمدورفت کے لئے بند رہی۔ سرحدی شہر چمن میں گزشتہ ایک ہفتے سے چوری ڈکیتی کی وارداتوں میں اضافے سے شہریوں میں تشویش پیدا ہو گئی ہے جبکہ انتظامیہ بھی ان وارداتوں میں کمی لانے کیلئے سر توڑ کوششیں کر رہی ہے۔