اکادمی ادبیات پاکستان کے زیراہتمام ’’پاکستان کے 71 ویں جشنِ آزادی‘‘ کے سلسلے میں خصوصی تقریب

جمعہ 10 اگست 2018 15:49

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اگست2018ء) ہمارے لکھاریوں نے وطن کی محبت میں لازوال ادب تخلیق کیا ہے۔ یہ بات کالم نگار محمد اظہار الحق نے اکادمی ادبیات پاکستان کے زیراہتمام ’’پاکستان کے 71ویں جشنِ آزادی ‘‘ کے سلسلے میں منعقدہ خصوصی تقریب کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ ڈاکٹر ناہید قمر نے’’تحریک آزادی میں ادب کا کردار‘‘ کے موضوع پر لیکچردیا۔

اکادمی ادبیات پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر راشد حمید نے خطبہٴ استقبالیہ پیش کیا۔ بعدازاں قومی اور پاکستانی زبانوں کا مشاعرہ منعقد ہوا جس میں میں معروف شعراء نے وطن عزیز کے حضور نذرانہ عقیدت پیش کیا۔ محمد اظہار الحق نے کہا کہ اکادمی ادبیات پاکستان کے تحت منعقدہ تقریب میں دو اہم پہلوئوں کا احاطہ کیا گیا ہے، آزادی کے حصول کیلئے اردو ادب کا کردار اور قومی زبانوں کا مشاعرہ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اکادمی کی طرف سے بلاشبہ یہ انتہائی احسن اقدام ہے جس کے تحت اکادمی ادیبوں اور شاعروں کو مدعو کر تی ہے، اکادمی کی اس خدمت کو سراہا جانا چاہیے۔ ڈاکٹر ناہید قمر نے کہا کہ آزادی نسل انسانی کا مشترک ورثہ ہے لیکن دنیا کی تاریخ بتاتی ہے کہ اقوامِ عالم کیلئے آزادی کے خدوخال صدیوں کی جدوجہد کے بعد ہی واضح ہوتے ہیں، اسی باعث آزادی کی قدروقیمت کا ادراک ان اقوام کو ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ادب نے آزادی اور جمہوریت کی جدو جہد میں اپنی آواز ہمیشہ بلند رکھی ہے اور یہ جدوجہد ہمارے ادیبوں نے صرف پاکستان کی تحریکِ آزادی کے حوالے سے ہی نہیں کی بلکہ فلسطین، کشمیر، افریقہ، چلی، عراق، بوسنیا، ویتنام، الجزائر اور افغانستان کی تحریکِ آزادی کے ساتھ بھی جذبہ خیر سگالی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ادیب نے اپنے عہد کے ضمیر کی حفاظت کرتے اور اپنے تجربوں کو دوسروں کیلئے بامعنی بنانے کی ذمہ داری بخوبی نبھائی ہے۔

ڈاکٹر راشد حمید نے کہا کہ ہمارے شعرا ء نے ملی جذبے سے سرشار ہو کر لکھا اور قومی یکجہتی کی سوچ کو پروان چڑھانے میں اپنا کلیدی کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ تحریکِ پاکستان میں ادیبوں اور شاعروں کی خدمات کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ اکادمی ادبیات پاکستان قومی دنوں کی مناسبت سے تقریبات کا اہتمام کرتی رہی ہے اور یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔

محمد اظہار الحق، ڈاکٹر ناہید قمر،علی یاسر، حسن عباس رضا، محمد عاطر اعجاز، ہاشم ابڑو، زارا بتول زارا، سحر امین، فرخندہ شمیم،خالد عمانویل، اکرام نازی، نصرت یاب، بابرہ رضوی، رخسانہ نازی، صغیر انور، علی احمد قمر،محسن شیخ، اختر عثمان، عتیق چشتی، سائل نظامی، نسیم سحر، ضیاء الدین نعیم اور دیگر نے وطن عزیز کے حضور نذرانہ عقیدت پیش کیا۔