دُبئی:گھر میں بھنگ کا پودا اُگانے پر بھارتی شہری گرفتار

ملزم کے مطابق اُس نے ان بیجوں کو ٹماٹر کے بیج سمجھ کر بویا تھا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 10 اگست 2018 16:18

دُبئی:گھر میں بھنگ کا پودا اُگانے پر بھارتی شہری گرفتار
دُبئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10 اگست 2018ء) ایک بھارتی شہری کو گھر پر بھنگ اور چرس کا نشہ کرنے اور بھنگ کا پودا اُگانے کے جُرم میں گرفتار کر لیا گیا۔ واقعات کے مطابق اپریل 2018ء میں پولیس کو ایک مخبر نے اطلاع دی کہ دُبئی میں روزگار کی غرض سے مقیم ایک بھارتی شہری نے گھر پر بھنگ کے پودے لگا رکھے ہیں‘ اس کے علاوہ وہ چرس اور بھنگ کا نشہ بھی کرتا ہے۔

جس پر محکمہ انسدادِ منشیات کے اہلکاروں نے گرفتاری کے وارنٹ جاری کروانے کے بعد ملزم کے گھر پر چھاپہ مارا جہاں سے ممنوعہ اشیاء برآمد ہونے کے بعد 32 سالہ بھارتی شہری کو گرفتار کر لیا گیا۔ ملزم کو گرفتاری کے بعد دُبئی پولیس کے اینٹی نارکوٹکس ڈیپارٹمنٹ بھیج کر اُس کا منشیات ٹیسٹ کرایا گیا جس سے پتا چلا کہ وہ چرس اور بھنگ کا نشہ کرتا ہے۔

(جاری ہے)

عدالت میں استغاثہ نے ملزم پر بھنگ کے .51 گرام کے پودے اُگانے‘ چرس کا نشہ کرنے اور اپنے پاس 24 گرام بھنگ رکھنے کے الزامات عائد کیے۔ استغاثہ کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ ملزم سے برآمد ہونے والی بھنگ کچھ تو بیجوں کی صورت میں تھی‘ جنہیں اُگایا جانا تھا جبکہ کچھ بھنگ کے پودے کی صورت میں تیار ہو چکی تھی۔دُوسری جانب ملزم نے گھر پر بھنگ اُگانے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ وہ بلاشبہ چرس اور بھنگ کا نشہ کرتا ہے مگر اُس نے نشے کی ضرورت پُوری کرنے کی غرض سے بھنگ نہیں اُگائی‘ بلکہ اُس نے غلطی سے بھنگ کے بیجوں کو ٹماٹر کے بیج سمجھ کر اپنے پاس رکھ لیا تھا اور کچھ بیجوں کو مٹی میں بو دیا۔

جب پودا بڑا ہوا تو اُسے پتا چلا کہ یہ ٹماٹر کا نہیں‘ بلکہ بھنگ کا پودا ہے۔ پریذائیڈنگ جج جمال اس مقدمے کا فیصلہ 30 ستمبر 2018ء کو سُنائیں گے۔ استغاثہ کے مطابق کافی ثبوت کی بناء پر ملزم کو اس مقدمے میں سزا سُنائے جانے کا امکان ہے۔

متعلقہ عنوان :