Live Updates

ووٹ رازداری کیس،الیکشن کمیشن نے عمران خان کی معافی قبول کرلی،

این اے53 کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا

جمعہ 10 اگست 2018 20:45

ووٹ رازداری کیس،الیکشن کمیشن نے عمران خان کی معافی قبول کرلی،
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 اگست2018ء) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے خلاف ووٹ کی رازداری سے متعلق از خود نوٹس واپس لیتے ہوئے ان کی کامیابی کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا ہے ،جمعہ کے روز پی ٹی آئی چیرمین کی جانب سے غیر مشروط معافی کا حلف نامہ جمع کرایا گیا ،کمیشن کے تین ممبران نے نوٹس واپس لینے کے حق میں رائے دی ۔

جمعہ کے روز چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں چار رکنی بنچ نے پی ٹی آئی چیرمین عمران خان کے خلاف ووٹ کی رازداری ظاہر کرنے کے حوالے سے از خود نوٹس کی سماعت کی اس موقع پر عمران خان کے وکیل ڈاکٹر بابر اعوان کمیشن کے سامنے پیش ہوئے اور عمران خان کا تحریری جواب جمع کروایا۔

(جاری ہے)

عمران خان نے تحریری جواب میں الیکشن کمیشن سے غیر مشروط معافی مانگتے ہوئے کہا کہ وہ الیکشن کمیشن اور انتخابی قوانین کی قدر کرتے ہیں، ووٹ کاسٹ کرتے وقت پولنگ اسٹیشن لوگوں سے کچھا کچھ بھرا ہوا تھا، وہ ووٹ کاسٹ کرنے پولنگ اسٹیشن میں اکیلے گئے، تحریری جواب میں کہا گیا ہے کہ انہوں نے پولنگ عملے سے پوچھا کہ مہر کہاں لگائوں، پولنگ اسٹیشن میں فرنیچر بکھرا پڑا تھا، ایک ٹیبل پر بیلٹ پیپر رکھ کر مہر لگانے کا کہا گیا اور اس موقع پر میڈیا نے ان کی مرضی کے بغیر ووٹ کاسٹ کرنے کی ویڈیو بنائی، جواب میں کہا گیا ہے کہ انہوں نے جان بوجھ کر قانون کی خلاف ورزی نہیں کی اور اپنے غیر ارادی اقدام پر غیر مشروط معافی مانگتے ہوئے عمران خان نے استدعا کی کہ ان کے خلاف نوٹس نمٹایا جائے جس پر الیکشن کمیشن نے عمران خان کی معافی قبول کر تے ہوئے ان کے خلاف نوٹس واپس لے لیا الیکشن کمیشن کے تین ممبران نے عمران خان کی معافی قبول کرنے کے حق میں فیصلہ دیا بعدازاں الیکشن کمیشن نے این اے 53 سے عمران خان کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات