لاہور ‘نواز شریف ‘مریم نواز‘کیپٹن(ر)صفدر کی سزائوں ‘ریفرنسز کی کارروائیاں روکنے کیلئے ہائیکورٹ میں درخواست دائر

جمعہ 10 اگست 2018 20:51

لاہور ‘نواز شریف ‘مریم نواز‘کیپٹن(ر)صفدر کی سزائوں ‘ریفرنسز کی کارروائیاں ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 اگست2018ء) سابق وزیر اعظم نواز شریف ان کی بیٹی اور داماد کی سزائوں اور ریفرنسز کی کارروائیاں روکنے کیلئے لاہور ہائیکورٹ میں ایک درخواست دائر کر دی گئی ہے۔ درخواست میں نیب آرڈیننس1999 کی قانونی حیثیت کو چیلنج کیا گیا ہے ۔ مقامی وکیل شاہد چوہان نے عامر ظہیر ایڈووکیٹ کے توسط سے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی جس میں نیب آرڈیننس اور چیئرمین نیب کے تقرر پر اعتراضات اٹھائے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

درخواست گزار نے بتایا کہ صدراتی آرڈیننس کے تحت احتساب کے لیے نیب کا ادارہ قائم کیا گیا تھا اور جنرل پرویز مشرف نے آئین کو معطل کر کے پی سی او کے تحت نظام حکومت چلایا۔ درخواست گزار کے مطابق نیب آرڈیننس کے تحت نیب لوگوں کا ٹرائل کر کے ہراساں کر رہا ہے۔ درخواست گزار نے استدعا کی کہ نیب کے جاری کیسز اور انکوائریوں پر حکم امتناعی جاری کیا جائے۔ درخواست میں سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے خلاف نیب انکوائری روکنے کی بھی استدعا کی گئی ہے ۔