Live Updates

وزارت عظمیٰ کا حلف: عمران خان کی سابق بھارتی کرکٹرز کو دعوت

عمران خان کی بطور وزیراعظم تقریب حلف برداری 18 اگست کو ہونے کا امکان ہے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 10 اگست 2018 17:05

وزارت عظمیٰ کا حلف: عمران خان کی سابق بھارتی کرکٹرز کو دعوت
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔10اگست 2018 ء) لیجنڈری کرکٹر عمران خان کی بطور وزیراعظم تقریب حلف برداری میں تین سابق بھارتی کھلاڑیوں کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان کی بطور 19ویں وزیراعظم حلف برداری کی تقریب 18 اگست کو ہونے کا امکان ہے جس کے لیے مہمانوں کو دعوت نامے جاری کیے جانے کا سلسلہ جاری ہے۔

تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ عمران خان نے بطور وزیراعظم اپنی تقریب حلف برداری میں تین سابق بھارتی کھلاڑیوں کو بھی مدعو کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔فیصل جاوید کا کہنا ہے کہ عمران خان نے سابق بھارتی کپتان اور آل راﺅنڈر کپل دیو،اوپننگ بلے باز سنیل گواسکر اور جارح مزاج بیٹسمین نوجوت سنگھ سدھو کو تقریب حلف برداری میں شرکت کی دعوت دی ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق عمران خان نے 1992 ءکا ورلڈ کپ جیتنے والی پاکستانی کرکٹ ٹیم کو بھی تقریب حلف برداری میں شرکت کا دعوت نامہ بھجوا دیا ہے۔واضح رہے کہ قومی اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی ) 115 نشستیں جیت کر ایوان زیریں کی سب سے بڑی جماعت بن کر سامنے آئی ہے، پاکستان مسلم لیگ (ن) 64 نشستوں کے ساتھ دوسری جب کہ پاکستان پیپلز پارٹی(پی پی پی ) 43 سیٹوں کے ساتھ تیسری بڑی جماعت بن کر ابھری ہے، متحدہ مجلس عمل(ایم ایم اے ) کی قومی اسمبلی میں 12،پاکستان مسلم لیگ (ق)5، ایم کیو ایم پاکستان 6 ، گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس(جی ڈی اے) 2 جب کہ عوامی مسلم لیگ، پاکستان تحریک انسانیت، عوامی نیشنل پارٹی(اے این پی) اوربلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) کا ایک، ایک امیدوار کامیاب ہوا ہے، دوسری جانب 12 آزاد امیدوار قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے ہیں۔

 
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات