سعودی مملکت میں گزشتہ سال 22 ہزار غیر مُلکی لقمۂ اجل بنے

مجموعی طور پر 72,533 سعودی اور غیر سعودی فنا کے گھاٹ اُترے

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 10 اگست 2018 17:36

سعودی مملکت میں گزشتہ سال 22 ہزار غیر مُلکی لقمۂ اجل بنے
جدہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10 اگست 2018ء) سال 2017ء کے دوران سعودی مملکت میں مجموعی طور پر 72,533 سعودی اور غیر مُلکی جہانِ فانی سے کوچ کر گئے۔ یہ اعداد و شمار سعودی ادارہ برائے شماریات کی جانب سے دیئے گئے ہیں۔ ادارے کے مطابق گزشتہ سال 49,934 سعودی شہری جان کی بازی ہار گئے‘ جو کُل مرنے والوں کی تعداد کا 69 فیصد بنتے ہیں۔ ان سعودی شہریوں کو ملک کے مختلف قبرستانوں میں دفن کیا گیا۔

ان متوفی سعودیوں میں مردوں کی تعداد 31,175 تھی جو سال کے دوران وفات پانے والے سعودی متوفیوں کا 62 فیصد بنتا ہے جبکہ 18,759 خواتین وفات پا گئیں۔ جبکہ گزشتہ سال وفات پانے والے غیر مُلکی جنہوں نے سعودی عرب میں ہی وفات پائی اور یہیں دفن ہوئے‘ اُن کی گنتی 22,599ریکارڈ کی گئی جن میں سے مردوں کی تعداد 15,030 (66.5 فیصد) تھی اور خواتین کی تعداد 7,569 (33.5فیصد) نوٹ کی گئی۔

(جاری ہے)

مرنے والے بچوں میں ایک سال سے کم عمر بچوں کی گنتی 15,840 ریکارڈ کی گئی جبکہ 1 سال سے لے کر 15 سال کی عمر تک کے بچوں کی گنتی 4,453 تھی۔ 15 سال سے 45 سال تک کی عمر کے 12,191 افراد خالقِ حقیقی سے جا مِلے جبکہ 45 سال سے لے کر 60 سال تک کی عمر کے افراد جنہیں موت کا ذائقہ چکھنا پڑا‘ اُن کی گنتی 11,582 بتائی گئی ہے۔ ساٹھ سال سے بالائی عمر کے فوت شُدہ افراد کی تعداد 27,579 نوٹ کی گئی۔

ادارہ شماریات کے مطابق مکّہ میں وفات پانے والے سعودی اور غیر سعودیوں کی گنتی 21,487تھی۔ ریاض میں مرنے والوں کی تعداد 19,373نوٹ کی گئی۔ مشرقی صوبے میں 7,877 افراد نے جامِ فنا نوش کیا‘ 7,475 افراد مدینہ میں موت سے ہمکنار ہوئے‘ قسیم میں 3,505‘ تبوک میں 3,266‘حیل میں 2,418‘ اثیر میں 1,895‘ الجوف میں 1,654 ‘ جزان میں 1,342‘ نجران میں 1,135‘ شمالی سرحدی صوبے میں 1,068 اور بہا میں 238 افراد موت کے منہ میں چلے گئے۔