سندھ ہائی کورٹ نے دوہری شہریت سے متعلق جواب طلب کرتے ہوئے الیکشن کمیشن اور فیصل واوڈا کو نوٹس جاری کردیئے

وزارت داخلہ اور ایف آئی اے سے پوچھ کر بتائیں فیصل واوڈا نے امریکی شہریت ترک کی ہے یا نہیں عدالت کی وکیل الیکشن کمیشن کو ہدایت

جمعہ 10 اگست 2018 18:08

سندھ ہائی کورٹ نے دوہری شہریت سے متعلق جواب طلب کرتے ہوئے الیکشن کمیشن ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اگست2018ء) سندھ ہائی کورٹ نے دوہری شہریت سے متعلق جواب طلب کرتے ہوئے الیکشن کمیشن اور فیصل واوڈا کو نوٹس جاری کردیئے ہیں ۔جمعہ کو نو منتخب رکن قومی اسمبلی فیصل واوڈا کی نا اہلی کے لیے دائر درخواست کی سماعت سندھ ہائیکورٹ میں ہوئی۔عدالت نے وکیل الیکشن کمیشن سے کہا کہ وہ وزارت داخلہ اور ایف آئی اے سے پوچھ کر بتائیں فیصل واوڈا نے امریکی شہریت ترک کی ہے یا نہیں درخواست گزار نے عدالت میں بتایا فیصل واوڈا آرٹیکل 62 پر پورا نہیں اترتے، فیصل واوڈا نے اپنے حلف نامے میں برطانیہ،دبئی اور ملائشیا کی جائیداد قرض شدہ ظاہر کی ہے۔

کاغذات نامزدگی میں کسی فارن اکاؤنٹ کا ذکر نہیں ہے،اس غیرملکی جائیدادکی منی ٹریل نہیں دی گئی، ریٹرننگ افسرکے ریکارڈ میں کسی غیرملکی جائیداد کا ذکر نہیں ہے،اربوں کی جائیدادیں رکھنے والے فیصل واوڈا نے 2015 میں کوئی ٹیکس نہیں دیا اور ریٹرننگ افسر نے فیصل واوڈا کے خلاف یہ کہہ کر درخواست مستردکی کہ اس نے دوہری شہریت چھوڑدی ہے۔

(جاری ہے)

ریٹرننگ افسر کے ریکارڈ میں امریکی شہریت چھوڑنے کا کوئی ریکارڈ نہیں ہے۔ عدالت نے الیکشن کمیشن سے فیصل واوڈا کی دوہری شہریت سے متعلق جواب طلب کرتے ہوئے الیکشن کمیشن اور فیصل واوڈا کو نوٹس جاری کردیئے ہیں ۔