سرگودھا یونیورسٹی میں ای روزگار سنٹر کے طلبا کی دوسری گریجوایشن تقریب کا انعقاد

جمعہ 10 اگست 2018 19:53

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اگست2018ء) پنجاب آئی ٹی بورڈ اور یوتھ افیئرز، سپورٹس، آرکیالوجی اور ٹورازم کے مشترکہ پروگرام ای روزگار کے تحت سرگودھا یونیورسٹی میں قائم ای روزگار سنٹر میں دوسری گریجوایشن تقریب منعقد ہوئی جس کی صدارت بانی وائس چانسلر آئی ٹی یونیورسٹی اور پنجاب آئی ٹی بورڈ کے چیئرمین ڈاکٹر عمر سیف نے کی۔

اپنے خطاب میں ڈاکٹر عمر سیف کا کہنا تھا کہ ای روزگار پروگرام بالخصوص بیروزگار نوجوانوں کیلئے شروع کیا گیا جس سے نوجوانوں میں تکنیکی‘ غیر تکنیکی اور تخلیقی صلاحتیں کھل کر سامنے آئی ہیں اور وہ ملک کے لئے کثیر زرمبادلہ لانے میں بھی اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ سرگودھا یونیورسٹی میں قائم ای روزگار سنٹر سے پہلے بیچ سے 127جبکہ موجودہ بیچ سے 132نوجوانوں نے گریجوایشن مکمل کی ہے۔

(جاری ہے)

اس سنٹر کے طلبا اب تک انٹرنیٹ سی11ہزار ڈالر سے زائد کی آمدن کما چکے ہیںجبکہ پنجاب بھر میں ای روزگار سنٹرز سے نوجوان انٹرنیٹ سے چار کروڑ روپے کما چکے ہیں۔ بعد ازاں ڈاکٹر عمر سیف نے کامیاب طلبا میں اسناد تقسیم کیں۔سرگودھا یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر اشتیاق احمد نے نوجوانوں کو جدید تکنیکی تربیت اور معاونت فراہم کرنے پر ڈاکٹر عمر سیف کی خدمات کو سراہا۔ ای روزگار پروگرام سے تربیت یافتہ نوجوان گھر بیٹھے انٹرنیٹ سے کام کر کے تیس سے اسی ہزار روپے ماہانہ کما رہے ہیں جس کی وجہ سے یہ پروگرام تیزی سے مقبولیت حاصل کر رہا ہے۔