غیرمسلم بھی پاکستان میں برابر کے شہری ہیں، بلاول بھٹو زرداری

بطور ملک کے نظریئے کی حقیقی وارث ہونے کے، دستورِ پاکستان کے ساتھ ساتھ پاکستان پیپلز پارٹی بھی اقلیتوں کے حقوق کی ضامن ہے

جمعہ 10 اگست 2018 21:41

غیرمسلم بھی پاکستان میں برابر کے شہری ہیں، بلاول بھٹو زرداری
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اگست2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ غیرمسلم بھی پاکستان میں برابر کے شہری ہیں اور بطور ملک کے نظریئے کی حقیقی وارث ہونے کے، دستورِ پاکستان کے ساتھ ساتھ پاکستان پیپلز پارٹی بھی اقلیتوں کے حقوق کی ضامن ہے۔ اقلیتوں کے دسویں قومی دن کی مناسبت سے جاری کردہ اپنے بیان میں پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ ملک میں پہلی بار تین اقلیتی امیدواران کو عام انتخابات 2018ع کے لیئے پیپلز پارٹی نے جنرل نشستوں کے لیئے ٹکٹ دیئے، جن میں سے ڈاکٹر مہیش ملانی 1970ع کے بعد قومی اسمبلی کی جنرل نشست پر منتخب ہونے والے پہلے غیرمسلم رکن ہیں، جبکہ ہری رام کشوری لال اور گیانچند ایسرانی بھی سندھ اسمبلی کی جنرل نشستوں پر منتخب ہوئے ہیں، جو بھی ایک نئی مثال ہے۔

(جاری ہے)

بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ یہ پاکستان پیپلز پارٹی ہی تھی، جس نے سینیٹ میں غیرمسلموں کے لیئے چار نشستیں مخصوص کروائیں، اور خود اس نے تین غیرمسلم سینیٹرز کو منتخب کروایا، جن میں سے دو سینیٹرز گیانچند اور کرشنا کولہی کو جنرل نشستوں پر منتخب ہوئے، جن کا تعلق انتھائی پسماندہ برادریوں سے ہے۔ پیپلز پارٹی کے دیرینہ مسیحی کارکن انور لال ڈین سندھ سے اقلیتوں کی مخصوص نشستوں پر سینیٹر منتخب ہوئے۔

آنے والی نئی سندھ اسمبلی میں فقط ایک مسیحی ایم پی اے انتھونی نوید ہوگا، جس کا تعلق بھی پاکستان پیپلز پارٹی سے ہے۔ ہمیں اس بات پر بھی فخر ہے کہ 1994ع میں شہید محترمہ بینظیر بھٹو سندھ میں اقلیتی امور کے لیئے ایک مکمل وزارت کا قیام عمل میں لائیں، اور گذشتہ 24 سالوں میں کسی دوسرے صوبے نے اس طرح کا اقدام نہیں کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ حال ہی میں قانون بننے والا سندھ ھندو میرئیج بل بھی پیپلز پارٹی کی گزشتہ صوبائی حکومت کے دوران سندھ اسمبلی نے اتفاق رائے سے منظور کیا۔

2009ع میں صدر آصف علی زرداری نے 11 اگست کو ہر سال بطور اقلیتوں کا قومی دن منانے کا اعلان کیا، یہ وہی تاریخ تھی جب 1947ع میں قائداعظم محمد علی جناح نے اپنی مشہورِ زمانہ تقریر کی تھی، جس میں انہوں نے کہا تھا کہ پاکستان کی نئی ریاست میں اقلیتوں کو مساوی حقوق حاصل ہونگے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ملک کے بانی اجداد کے نظریئے کے مطابق مساوات کے لیئے سرگرم عمل رہے گی، کہ کوئی بھی شہری رنگ، نسل، مذہب اور برادری کی بنیاد پر امتیازی سلوک کا شکار نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی قائداعظم کے نظریئے کی حقیقی علمبردار ہے اور پاکستان کو مساوات، پرامن، خوشحال اور ترقی پسند ملک بنانے کے لیئے جدوجہد کرتی رہے گی۔