درخت قدرت کا انمول تحفہ اور ہماری زندگی کا ایک اہم حصہ ہیں

نگران صوبائی وزیر اطلاعات و ترجمان حکومت بلوچستان ملک خرم شہزاد

جمعہ اگست 21:58

درخت قدرت کا انمول تحفہ اور ہماری زندگی کا ایک اہم حصہ ہیں
کوئٹہ۔ 10اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 10 اگست2018ء) نگران صوبائی وزیر اطلاعات و ترجمان حکومت بلوچستان ملک خرم شہزاد نے کہا ہے کہ درخت قدرت کا انمول تحفہ اور ہماری زندگی کا ایک اہم حصہ ہیں اگر ماحول سے درختوں کو ختم کیا جائے تو اس سے ماحولیاتی آلودگی کے ساتھ ساتھ مختلف بیماریوں سے انسان اور حیوان دونوں متاثرہوسکتے ہیں۔ درختوں اور دیگر پودوں سے نہ صرف ماحول کی خوبصورتی میں اضافہ ہوتا ہے بلکہ درخت اور تمام پودے آکسیجن کے قدرتی کارخانے بھی ہیں ۔

لہٰذا اس ضمن میں شجر کاری مہم ماحول کو صاف ستھرا اور خوبصورت بنانے کا ایک اہم ذریعہ ہے ۔ انہوںنے کہا کہ شجر کاری مہم کو مؤثر بنانے کے لئے ضروری ہے کہ معاشرے کا ہرفرد کم از کم اپنے حصے کا ایک درخت ضرور لگائے اور پھر اس درخت کی مکمل دیکھ بھال بھی کرے تاکہ یہ درخت مضبوطی سے جڑ پکڑ کر ماحول کو آلودگی سے پاک کرنے کے ساتھ ساتھ زمین کی خوبصورتی کا باعث بھی بن سکے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ درخت ہمارے دوست بھی ہیں جن سے قدرتی آفات جیسے سیلاب وغیرہ کاکسی حد تک تدارک بھی ہوجاتا ہے اور زمین کی کٹائی بھی کافی حد تک کم کرنے میںمدد ملتی ہے ۔ انہوںنے کہا کہ درخت لگانا صدقہ جاریہ بھی ہے لہٰذا اس سلسلہ میں ماحولیاتی شعور بڑھانے کیلئے مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے احباب جن میں علماء کرام ، قبائلی عمائدین ، وکلاء ، سول سوسائٹی ، ذرائع ابلاغ کے نمائندے اور خصوصاً نو منتخب اراکین اسمبلی اس اہم اور ضروری امر ماحولیاتی آگاہی جس میں سر دست شجر کاری مہم میں عوام کو بھر پور حصہ لینے کے لئے سنجیدہ اقدامات کریں تاکہ آلودگی سے پاک اور صاف شفاف ماحول کے حصول کیلئے جو کوششیں جاری ہیں ان کو ششوں میں ہم سب اجتماعی طور پر حصہ لے کر شجر کاری مہم کو کامیابیوں سے ہمکنار کرسکیں۔