کوئٹہ ،ْدالبندین میں سیندک ملازمین کی بس کے قریب خودکش دھماکا،

6 افراد زخمی دھماکے کے زخمیوں میں منصوبے کے 3 غیر ملکی ملازمین اور 3 ایف سی اہلکار شامل ہیں ،ْکمشنر کوئٹہ

ہفتہ 11 اگست 2018 13:32

کوئٹہ ،ْدالبندین میں سیندک ملازمین کی بس کے قریب خودکش دھماکا،
کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اگست2018ء) صوبہ بلوچستان کے ضلع چاغی کے شہر دالبندین میں سیندک منصوبے کے ملازمین کی بس کے قریب ہونے والے خودکش دھماکے کے نتیجے میں 6 افراد زخمی ہوگئے۔کمشنر کوئٹہ ہاشم غلزئی کے مطابق دھماکے کا نشانہ بننے والی بس سیندک منصوبے کے ملازمین کو لے کر دالبندین ایئرپورٹ کی طرف جارہی تھی کہ دالبندین سے 5 کلومیٹر کے فاصلے پر ایک خودکش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ دھماکا بس سے کچھ فاصلے پر ہونے کی وجہ سے زیادہ نقصان نہیں ہوا، تاہم کھڑکیوں کے شیشے لگنے سے ملازمین زخمی ہوئے۔کمشنر کوئٹہ کے مطابق دھماکے کے زخمیوں میں منصوبے کے 3 غیر ملکی ملازمین اور 3 ایف سی اہلکار شامل ہیں۔دھماکے کے زخمیوں کو طبی امداد کے لیے شیخ زید ہسپتال منتقل کردیا گیاجن کی حالت خطرے سے باہر ہے۔دوسری جانب لیویز فورس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات کا آغاز کردیا۔