Live Updates

اگلا چیئر مین پی سی بی کون ہوگا؟ بڑا نا م سامنے آگیا

نجم سیٹھی کرکٹ بورڈ کی سربراہی چھوڑنے کا اشارہ دے چکے ہیں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 11 اگست 2018 13:20

اگلا چیئر مین پی سی بی کون ہوگا؟ بڑا نا م سامنے آگیا
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔11اگست 2018 ء) چیئرمین پی سی بی کا ہما احسان مانی کے سر بیٹھنے کا امکان روشن ہونے لگا۔پاکستان میں حکومت کے ساتھ کھیلوں کی تنظیموں میں بھی اکھاڑ پچھاڑ کوئی نئی بات نہیں،چیئرمین کرکٹ بورڈ تو ایک ایسا عہدہ ہے جس کیلیے ماضی میں کئی سیاسی پارٹیوں کے رہنما اپنی وزارتیں چھوڑنے کو تیار نظر آتے رہے ۔حکومت کی تبدیلی کے ساتھ ہی بطور صحافی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی )کے ناقدین میں شمار ہونے والے نجم سیٹھی کو چیئرمین پی سی بی کے عہدے سے ہٹائے جانے کی بازگشت گذشتہ چند دنوں سے سنائی دے رہی ہے،ان حالات کا خود نجم سیٹھی کو بھی اندازہ ہے اور وہ چند روز میں کسی فیصلے اور ٹی وی پروگرام میں مصروف ہونے کا اشارہ دے چکے ہیں۔

دوسری طرف ان کا خلا پر کرنے کے لیے امیدواروں کی بھی کوئی کمی نہیں،ذرائع کے مطابق احسان مانی اس دوڑ میں سب سے زیادہ آگے ہیں،آئی سی سی کے سابق چیف اگرچہ دہری شہریت کے حامل ہیں لیکن یہ چیزان کی راہ میں رکاوٹ نہیں بن سکتی۔

(جاری ہے)

اس سے قبل سابق صدر اور آرمی چیف جنرل ریٹائرڈپرویز مشرف کے دور میں امریکی شہری ڈاکٹر نسیم اشرف چیئرمین پی سی بی کے عہدے پر فائز رہ چکے ہیں،حکومتی عہدوں کے برعکس دہری شہریت کے قانون کا اطلاق کرکٹ بورڈ کے معاملے میں نہیں ہوتا، ان حالات میں کرکٹ کا وسیع تجربہ اور شفاف ماضی رکھنے والے احسان مانی کا راستہ صاف نظر آرہا ہے۔

اس حوالے سے جلد ہی کوئی فیصلہ متوقع ہے۔یاد رہے کہ نجم سیٹھی کا اپنے ایک انٹر ویو میں کہنا تھا کہ میں پاکستان کرکٹ بورڈ کو اپنی ذات کی خاطر عدم استحکام اور انتشار سے دوچار نہیں کرنا چاہتا، اگر مجھے عمران خان یا ان کے کسی بھی مشیر کی جانب سے یہ اشارہ مل گیا کہ وہ مجھے چیئرمین کی حیثیت سے نہیں دیکھنا چاہتے اور اپنا آدمی لانا چاہتے ہیں تو میں از خود پاکستان کرکٹ بورڈ کو خیر باد کہہ کر گھر چلا جاﺅں گا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات