Live Updates

کپل دیو اور سدھو کو عمران کے دعوت نامے موصول

عمران خان کی وزیر اعظم کے لیے حلف برداری کی تقریب 18 اگست کو ہوگی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 11 اگست 2018 14:16

کپل دیو اور سدھو کو عمران کے دعوت نامے موصول
نئی دہلی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔11اگست 2018 ء) سابق بھارتی کرکٹر کپل دیو اور نوجوت سنگھ سدھو کو آخر کار پاکستان کے متوقع وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے حلف برداری کے با ضابطہ دعوت نامے مل گئے۔پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی وزیر اعظم کے لیے حلف برداری کی تقریب 18 اگست کو ہوگی جس کے لیے سابق بھارتی کپتان کپل دیو، نوجوت سدھو اور سنیل گواسکرکو بھی شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ عمران خان نے بطور وزیراعظم اپنی تقریب حلف برداری میں تین سابق بھارتی کھلاڑیوں کو بھی مدعو کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔فیصل جاوید کا کہنا ہے کہ عمران خان نے سابق بھارتی کپتان اور آل راﺅنڈر کپل دیو،اوپننگ بلے باز سنیل گواسکر اور جارح مزاج بیٹسمین نوجوت سنگھ سدھو کو تقریب حلف برداری میں شرکت کی دعوت دی ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق عمران خان نے 1992 ءکا ورلڈ کپ جیتنے والی پاکستانی کرکٹ ٹیم کو بھی تقریب حلف برداری میں شرکت کا دعوت نامہ بھجوا دیا ہے۔واضح رہے کہ قومی اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی ) 115 نشستیں جیت کر ایوان زیریں کی سب سے بڑی جماعت بن کر سامنے آئی ہے، پاکستان مسلم لیگ (ن) 64 نشستوں کے ساتھ دوسری جب کہ پاکستان پیپلز پارٹی(پی پی پی ) 43 سیٹوں کے ساتھ تیسری بڑی جماعت بن کر ابھری ہے، متحدہ مجلس عمل(ایم ایم اے ) کی قومی اسمبلی میں 12،پاکستان مسلم لیگ (ق)5، ایم کیو ایم پاکستان 6 ، گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس(جی ڈی اے) 2 جب کہ عوامی مسلم لیگ، پاکستان تحریک انسانیت، عوامی نیشنل پارٹی(اے این پی) اوربلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) کا ایک، ایک امیدوار کامیاب ہوا ہے، دوسری جانب 12 آزاد امیدوار قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے ہیں۔

 
کپل دیو اور سدھو کو عمران کے دعوت نامے موصول
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات