دالبندین کے نزدیک چینی انجینئرز کی بس کے قریب خودکش حملہ،

تین انجینئرز سمیت 6 افراد زخمی سینڈک پراجیکٹ میں کام کرنے والے چینی انجینئرز چھٹیاں گزارنے وطن واپس جانا چاہتے تھے جن کی بس کو دالبندین آتے ہوئے نشانہ بنایا گیا،سیکورٹی حکام

ہفتہ 11 اگست 2018 14:51

دالبندین کے نزدیک چینی انجینئرز کی بس کے قریب خودکش حملہ،
چاغی۔ 11 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اگست2018ء) چاغی کے علاقے دالبندین کے نزدیک چینی انجینئرز کی بس کے قریب خودکش حملے میں تین انجینئرز سمیت 6 افراد زخمی ہوگئے۔ ڈپٹی کمشنر چاغی سیف اللہ کھیتران نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ واقعے میں اختر رحمان اور صابر نامی دو ایف سی اہلکار اور بس ڈرائیور محمد ابراہیم بھی زخمی ہوئے ہیں جنہیں شاہ فہد ہسپتال دالبندین منتقل کرکے طبی امداد دی گئی جبکہ زخمی ہونے والے لیان لنگ، یومب ریوی اور ہوکزیاؤ نامی چینی انجینئرز کو ایف سی ہسپتال دالبندین منتقل کرکے ابتدائی طبی امداد کے بعد مزید علاج کی غرض سے بذریعہ طیارہ کراچی منتقل کیا گیا۔

سیکورٹی حکام کے مطابق سینڈک پراجیکٹ میں کام کرنے والے چینی انجینئرز چھٹیاں گزارنے وطن واپس جانا چاہتے تھے جن کی بس کو سینڈک سے دالبندین آتے ہوئے نشانہ بنایا گیا لیکن خوش قسمتی سے ان کے مقررہ مقام پر پہنچنے سے پہلے دھماکہ ہوگیا اور اس دوران بس ڈرائیور محمد ابراہیم نے ہمت کا مظاہرہ کرکے بس فوری طور پر روک دی جس کی وجہ سے نقصان کم ہوا جبکہ زخمیوں کو بھی معمولی چوٹیں آئی ہیں اور بس کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔

(جاری ہے)

ان کے مطابق دھماکہ خیز مواد گاڑی میں رکھ کر بلاسٹ کیا گیا جو خودکش حملہ لگتا ہے کیونکہ جائے وقوعہ پر انسانی جسم کے متعدد اعضاء اور پک اپ گاڑی کے پرخچے ملے ہیں۔ واقعے کے بعد پاک فوج، ایف سی بلوچستان، پولیس اور لیویز فورس کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کردیے جبکہ علاقے اور گرد و نواح میں تلاشی کی کارروائی بھی کی جارہی ہے ۔