فاروق ستار نے عام انتخابات کو ’’سویا ہوا‘‘ قرار دے دیا

آرٹی ایس سسٹم سو گیا،اکاؤنٹنگ کے وقت خفیہ کیمرے سو گئے،چیف الیکشن کمشنر بھی سوتے رہے،متحدہ رہنما مولانا شکر کریں ابھی تک انہیں را کا ایجنٹ نہیں کہا گیا،یہ الفاظ ہم کہتے تو ہم پر مہر لگ چکی ہوتی ،میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 11 اگست 2018 15:20

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 اگست2018ء) ایم کیو ایم کے سینئر رہنما فاروق ستار نے عام انتخابات کو سویا ہوا قرار دے دیا۔کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ اس سے زیادہ سویا ہوا الیکشن نہیں دیکھاآرٹی ایس سسٹم سورہا تھا کاؤنٹنگ کے وقت خفیہ کیمرے سو رہے تھے صبح چیف الیکشن کمشنر سو رہے تھے۔پیپلزپارٹی بھی کہتی ہے کہ دھاندلی ہوئی ہے تو پیپلزپارٹی کو ہمارے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے۔

(جاری ہے)

فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ہمیشہ سے خواہش رہی ہے کہ پیپلزپارٹی سے اچھی ورکنگ ریلیشن شپ ہو۔پیپلزپارٹی سے ایسا اشتراک عمل ہو جس سے سندھ میں شہری اور دیہی فرق کو ختم کیا جاسکے۔ہم اپنی طرف سے اس فرق کو ختم کرنے کی کوشش کرتے رہے ہیں تاہم دس سال سے صوبے کی حکمران جماعت پیپلزپارٹی نے اس دیہی اور شہری سندھ کے فرق میں اضافہ کیا ہے۔شہروں میں ٹیکس کی بھرمار کی گئی، لوٹ مار اور زمینوں کی بندر بانٹ کی گئی۔مولانا فضل الرحمان کے 14 اگست سے متعلق بیان پر ان کا کہنا تھا کہ شکر ہے مولانا کو اب تک را کا اہجنٹ نہیں قراردیا گیا اگر یہی بیان غلطی سے بھی ایم کیو ایم کی جانب سے آتا تو اب تک را کے ایجنٹ کی مہر لگ چکی ہوتی۔#