آرٹی ایس سسٹم فیل ہونے کی ابتدائی تحقیقات مکمل

آرٹی ایس کی ایپلی کیشن ناکامی کی بڑی وجہ قرار،50 ہزار سے زائد پولنگ اسٹیشنزپرآرٹی ایس سسٹم نہیں چل رہا تھا، موبائل انٹرنیٹ سروس ہونے کے باجود آرٹی ایس سسٹم ہینگ ہوگیا۔ الیکشن کمیشن کی رپورٹ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 11 اگست 2018 16:01

آرٹی ایس سسٹم فیل ہونے کی ابتدائی تحقیقات مکمل
لاہور(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔11 اگست 2018ء) : الیکشن کمیشن آف پاکستان نے آرٹی ایس سسٹم فیل ہونے کی ابتدائی تحقیقات مکمل کرلی ہیں، آرٹی ایس کی ایپلی کیشن ناکامی کی بڑی وجہ قرار دی گئی ہے،50 ہزار سے زائد پولنگ اسٹیشنز پرآرٹی ایس سسٹم نہیں چل رہا تھا، موبائل انٹرنیٹ سروس ہونے کے باجود آرٹی ایس سسٹم ہینگ ہوگیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سیاسی جماعتوں کی جانب سے انتخابی نتائج 2018ء کے بروقت اجراء نہ ہونے پرابتدائی تحقیقات مکمل کرلی ہیں۔

جس کے تحت الیکشن کمیشن نے آرٹی ایس کی ایپلی کیشن ناکامی کی بڑی وجہ قرار دے دی۔ الیکشن کمیشن کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق ریٹرننگ افسران نے الیکشن کمیشن کو رپورٹس بھجوا دیں۔50 ہزار سے زائد پولنگ اسٹیشنز پرآرٹی ایس سسٹم نہیں چل رہا تھا۔

(جاری ہے)

رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ متعدد پریزائیڈنگ افسران نے آرٹی ایس سسٹم دوبارہ انسٹال کرکے نتائج بھیجے۔

25 جولائی کی رات 11کے بجے کے بعد آرٹی ایس سسٹم نے کام کرنا چھوڑ دیا تھا۔ الیکشن کمیشن نے اپنی رپورٹ میں مزید بتایا کہ موبائل انٹرنیٹ سروس ہونے کے باجود آرٹی ایس سسٹم ہینگ ہوگیا۔آرٹی ایس کے باعث آراوتک پولنگ اسٹیشنز کے نتائج نہ پہنچ سکے۔دوسری جانب عام انتخابات 2018ء میں ہارنے والی جماعتوں نے الیکشن نتائج میں دھاندلی کا الزام عائد کیا ہے۔

مسلم لیگ ن ، پیپلزپارٹی ، ایم کیوایم ، پی ایس پی ، جمعیت علماء اسلام ف ، جماعت اسلامی اور اے این پی سمیت دیگر جماعتوں نے الیکشن میں بدترین دھاندلی کا الزام عائد کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر سے فوری مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا ہے۔سیاسی جماعتوں کا کہنا ہے کہ آرٹی ایس سسٹم کے نظام کربحال رکھنا یا اس کے ساتھ کوئی دوسرا طریقہ بحال رکھنا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری تھی۔سیاسی جماعتوں کے پولنگ ایجنٹس کوپولنگ اسٹیشن سے نکالنا، انتخابی نتائج کیلئے فارم 45 فراہم کرنا اور بروقت انتخابی نتائج جاری نہ کرنا دھاندلی کے زمرے میں آتا ہے۔مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف نے اپوزیشن کی جانب سے اعلان کیا کہ الیکشن میں دھاندلی کیخلاف تحقیقات کیلئے پارلیمانی کمیشن تشکیل دیا جائے گا۔